کرکٹ پر نام نہاد شو کرنے والے سیاست پر شو کریں: وسیم اکرم

میر ی ٹیم سے کوئی بدتمیزی کرے گا تو برداشت نہیں کروںگا:صدر کراچی کنگز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 فروری 2019 21:12

کرکٹ پر نام نہاد شو کرنے والے سیاست پر شو کریں: وسیم اکرم
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ کچھ صحافی ایجنڈے کے تحت الزام لگارہے ہیں،کرکٹ کے نام پر شو کرنے والے سیاسی معاملات پر شو کریں ۔ لاہور قلندرز اور کراچی کے مابین کھیلے گئے مقابلے کے دوران پیش آنےوالے واقعے پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ بعض صحافی ایجنڈے کے تحت ان پر الزام لگا رہے ہیں ،انہیں کہوں گا کہ کم از کم شو کرنے سے پہلے ٹیلی فون کرکے موقف تو لے لیتے ،کرکٹ کے معاملات پر شو کرنے والوں کو کہوں گا کہ سیاسی معاملات پر شو کریں ،ایک طرف کی بات بتا کر معاملے کو خراب کیا جارہا ہے ،ٹویٹر پر ہمارے خلاف بے بنیا د مہم چلائی جارہی ہے ، نام لیکر مسلسل ہمیں تنگ کیا جارہا ہے اور گڑھے مردے اکھاڑے جارہے ہیں،اسی لیے کہتے ہیں کہ عقل سلیم اتنی عام بھی نہیں،چھوٹے سے معاملے پر عزت خراب کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ 45منٹ تک ایک شخص میری ٹیم کےخلاف بدتمیزی کرتا رہا،لاہور کے انکلوژر میں خواتین بیٹھی تھیں اس لیے میں صرف اس بندے کا نام پوچھ رہا تھا،میری ٹیم کے خلاف کوئی بھی بدتمیز ی کرےگا تو میں برداشت نہیں کروں گا۔یاد رہے کہ پاکستا ن سپرلیگ (پی ایس ایل)میں لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کے خلاف22رنز کی جیت کے بعد پیش آنےوالے ناخوشگوار واقعے کے بعد لاہور قلندرز نے کر اچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اور کپتان عماد وسیم اور فاسٹ باﺅلر محمد عامر کے خلاف میچ ریفری کو آفیشل شکایت کی ۔

ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اور پیسر محمد عامر کےخلاف لاہور قلندرز کی خواتین کو گالیاں دینے اور نازیبا اشارے کرنے کا سنگین الزام سامنے آیا جسکے بعد لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے میچ ریفری روشن ماہاناما سے تحریری شکایت کی ۔دوسری جانب کراچی کنگز کی انتظامیہ کی جانب سے بھی میچ ریفری کو آفیشل شکایت میں کہا گیا ہے کہ وسیم اکرم کو سٹینڈز سے انتہائی نامناسب نام سے پکارا گیا جسکے بعد صورتحال خراب ہوئی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لاہور کی جیت کے بعد سب سے پہلے وسیم اکرم نے شکایت کی کہ انہیں لاہور قلندرز کے انکلوژر سے نامناسب نام سے پکارا گیا ہے،اسکے تھوڑی دیر بعد عماد وسیم اور محمد عامر واپس آئے اور انہوں نے لاہور قلندرز کے انکلوژر میں خواتین کی جانب نازیبا اشارے کئے اور گالیاں دیں ،سکیورٹی حکام نے دو تماشائیوں کو حراست میں لیا تاہم بعد میں چھوڑ دیا۔

سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے اس تماشائی کی نشاندہی کر لی گئی ہے جس نے وسیم اکرم کو نامناسب نام سے پکارا تھا۔ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز کی انتظامیہ پی سی بی کی جانب سے عماد وسیم اور محمد عامر کا خراب رویے اور قابل اعتراض زبان پر کارروائی کا مطالبہ کررہی ہے کیوں کہ جن خواتین کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا اس میں فرنچائز کے خاندان کی خواتین شامل تھیں۔
وقت اشاعت : 22/02/2019 - 21:12:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :