بیشتر غیر ملکی کرکٹر پی ایس ایل میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کیلئے راضی ہوگئے

اے بی ڈیویلیئرز،لیوک رونکی،ڈیرن سیمی،رائلی روسوو پاکستان میں ان ایکشن ہوں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 3 مارچ 2019 15:49

بیشتر غیر ملکی کرکٹر پی ایس ایل میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کیلئے راضی ہوگئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 مارچ 2019ء) پاکستان سپر لیگ کی تمام 6 فرنچائزز اپنے بیشتر غیر ملکی کرکٹر کو پاکستان سفر کرنے کیلئے راضی کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔ پاکستان سپر لیگ 4 کے پاکستان آنے سے قبل ہی اس کی کامیابی کے حوالے سے بہت بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے اور بیشتر غیر ملکی کرکٹر پی ایس ایل میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے کیلئے راضی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی پہلے ہی یہ اعلان کرچکے ہیں کہ ان کی فرنچائز کا پور ا سکواڈ پاکستان کھیلنے آئے گا ، کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کی ٹیم کے غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں ، لاہور قلندر کے مایہ ناز بلے باز اے بی ڈیویلیئرز نے پہلے7میچز کے لیے فرنچائز سے معاہدہ کیا تھا تاہم بعد ازاں پی سی بی اور فرنچائز کی درخواست پر انہوں نے پاکستان میں دو میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی اور وہ بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان آئیں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذرائع کے مطابق آسٹریلیوی آل راﺅنڈر شین واٹسن کے علاوہ ان کے دیگر تمام کھلاڑی پاکستان کا سفر کرنے کے لیے تیار ہیں تاہم شین واٹسن کو رضامند کرنے کی کوشش بھی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کے سٹار کھلاڑی لیوک رونکی بھی پاکستان آنے کے لیے حامی بھر چکے ہیں جب کہ ملتان سلطانز کے بھی بیشتر غیر ملکی پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں ۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگیا ہے ، لیگ کا فائنل 17مارچ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی، لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائےگی۔
وقت اشاعت : 03/03/2019 - 15:49:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :