جونٹی رہوڈز پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کرنے کیلئے پرجوش

پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کی فیلڈنگ بہترہوئی ہے:سابق جنوبی افریقی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 7 مارچ 2019 13:00

جونٹی رہوڈز پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کرنے کیلئے پرجوش
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7مارچ 2019ء) سابق جنوبی افریقی کھلاڑی اور دنیا کے مایہ ناز فیلڈر جونٹی رہوڈز بھی پی ایس ایل کے لیے پاکستان آنے کے لیے پرجوش ہیں۔ایک انٹرویو میں کرکٹ کمنٹیٹر اور سابق پروٹیز سٹار کا کہنا ہے 2015 ءاور 2016 ءکے بعد ایک بار پھر پاکستان جانے کا موقع مل رہا ہے اور وہاں کرکٹ کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں نوجوان کرکٹرز کی مہارت سے بڑا متاثر ہوا ہوں، پاکستان کرکٹ کو مضبوط رکھنے کے لئے لیگ کا کردار اہم ہوگا۔49سالہ جونٹی رہوڈز نے کہا کہ یو اے ای کی سلو پچز پر فاسٹ باﺅلرز کی کارکردگی متاثر کن ہے لیکن بلے باز غلطیاں کر رہے ہیں، ٹیموں کی بیٹنگ کا زیادہ تر بوجھ غیر ملکی کرکٹرز اٹھا رہے ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سٹارز اور کوچز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، یہ تجربہ آگے چل کر انٹر نیشنل کرکٹ میں ان کے کام آئے گا۔

(جاری ہے)

جونٹی رہوڈز نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کی فیلڈنگ میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اس شعبے میں گرین شرٹس کی کارکردگی میں نمایاں فرق نظر آنے لگا ہے۔جونٹی رہوڈز کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنے بلے سے زیادہ اچھی کاکردگی نہیں دکھاسکے کیوں کہ پاکستان کو اس وقت وسیم اکرم،وقار یونس،ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد جیسے باﺅلرز کی خدمات حاصل تھیں تاہم اب وہ پاکستان جاکر گھومنے پھرنے کے خواہاں ہیں ۔
وقت اشاعت : 07/03/2019 - 13:00:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :