پی ایس ایل4 ،سمت پٹیل کا مودی سرکار کو منہ توڑ جواب

بھارتی نژاد برطانوی کھلاڑی پاکستان کی مہمان نوازی کے معترف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 مارچ 2019 21:46

پی ایس ایل4 ،سمت پٹیل کا مودی سرکار کو منہ توڑ جواب
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11مارچ 2019ء) بھارتی نژاد برطانوی کھلاڑی اور پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے سمت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں میچز کھیلنے کا تجربہ کافی خوشگوار رہا ہے۔پاکستان سپر لیگ کی ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھیلنے کا تجربہ بہترین رہا، یہاں لوگ کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اظہار دیکھا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان اور بالخصوص لاہور کے بارے میں بہت سی اچھی اور حیران کن باتیں سنی ہیں لیکن اب تک لاہور جانے کا اتفاق نہیں ہو سکا۔ سمت پٹیل نے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت ملنسار اور مہمان نواز ہیں، بھارتی ہونے کے باوجود پاکستان کے دورہ سے بہت سی مثبت چیزوں سے آشنا ہوا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا ئے کرکٹ کی تمام لیگز میں پاکستان سپر لیگ کا شمار پائے کی لیگز میں ہوتا ہے، خاص طور پر اس میں رکھا گیا باﺅلنگ سٹینڈرڈ کسی بھی دوسری لیگ میں دیکھنے کو نہیں ملتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا کرکٹ کے کرئیر کا سفر لیگز کی وجہ سے جاری ہے، میں کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتا ہو ں اور ایسے ایونٹس میں مجھے ہر ملک کے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں سے ملنے اور ان کے ساتھ کھیلنے کا بھی موقع ملتا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یونائٹیڈ کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ بہترین رہا ہے اور ٹیم میری فیملی کی طرح ہے جس کا شمار دنیا کی سب سے بہترین فرنچائزوں میں ہوتا ہے۔واضح رہے سمت پٹیل اسلام آباد یونائٹیڈ کے تجربہ کار کھلاڑی ہیں جنہوں نے پی ایس ایل3 کے فائنل میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
وقت اشاعت : 11/03/2019 - 21:46:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :