وقار یونس کو پیسر محمد حسنین میں اپنی جھلک نظر آنے لگی

نوجوان پلیئر میں پیس،باﺅنس اور کچھ کر دکھانے کے عزم سمیت سب کچھ ہے ،سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 15 مارچ 2019 13:49

وقار یونس کو پیسر محمد حسنین میں اپنی جھلک نظر آنے لگی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مارچ 2019ء) سابق قومی کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وقار یونس کا کہنا ہے کہ انہیں نوجوان فاسٹ باﺅلر محمد حسنین میں اپنی جھلک محسوس ہوتی ہے جبکہ شین واٹسن بھی انہیں مستقبل کے خطرناک باﺅلر کے روپ میں دیکھ رہے ہیں۔ نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ محمد حسنین کو باﺅلنگ کرتا دیکھ کر انہیں اپنا دور یاد آجاتا ہے جب وہ بھی اسی طرح جوش و خروش کے ساتھ میدان میں آتے تھے۔

دوسری جانب قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی یہی کہنا تھا کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ انہوں نے محمد حسنین کو باﺅلنگ کرتے ہوئے دیکھا جو اس خلاءکو پر کر سکتے ہیں جو انہیں محسوس ہو رہا ہے۔شین واٹسن کا کہنا تھا کہ محمد حسنین میں غیر معمولی صلاحیت ہے جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان سے مزید بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

وقار یونس کے مطابق ہونہار پیسر محمد حسنین کے پاس پیس اور باﺅنس کے علاوہ کچھ کر دکھانے کے عزم سمیت سب کچھ ہے تاہم سوائے شعیب اختر کے انہوں نے تمام باﺅلرز میں یہ بات محسوس کی کہ وہ جب 140 سے 150 کلومیٹرز کی رفتار سے باﺅلنگ کرنے لگتے ہیں تو پھر ان کے پیس میں کمی آنے لگتی ہے جس پر محمد حسنین کو کافی کام کرنا ہوگا۔ وقار یونس کو رول ماڈل قرار دینے والے محمد حسنین کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے ہی اچھے فاسٹ باﺅلر بننا چاہتے تھے اور یہ خواہش پی ایس ایل میں پوری ہوئی لیکن پاکستان کی نمائندگی کا بچپن سے دیکھا جانے والا خواب بھی اب پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
وقت اشاعت : 15/03/2019 - 13:49:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :