بھارتی کرکٹر محمدشامی کے خلاف تشدد، جنسی ہراساں کرنے کا مقدمہ درج

مارچ 2018 میں محمد شامی اور اہلیہ کے مابین تنازع سامنے آیا تھا ،خاتون نے بھارتی کرکٹر پر سنگین الزامات لگائے تھے، رپورٹ

جمعہ 15 مارچ 2019 15:05

بھارتی کرکٹر محمدشامی کے خلاف تشدد، جنسی ہراساں کرنے کا مقدمہ درج
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2019ء) پولیس نے بھارتی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد شامی کے خلاف تشدد سمیت جنسی طورپر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق محمد شامی کی اہلیہ حًسین جہاں نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر جسمانی و جنسی تشدد سمیت دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں۔واضح رہے کہ مارچ 2018 میں محمد شامی اور ان کی اہلیہ کے مابین تنازع سامنے آیا تھا جس میں خاتون نے بھارتی کرکٹر پر سنگین الزامات لگائے تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ محمد شامی کی اہلیہ سابقہ ماڈل ہیں اور انہوں نے عوامی سطح پر اپنے شوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کے متعدد لڑکیوں کے ساتھ تعلقات ہیں۔کولکتہ میں پبلک پراسیکیوٹر ڈیپ نارائن پارکاشی نے بتایا کہ محمد شامی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی شق 498 اے (ذہنی، جسمانی تشدد اور جہیز کے نام پر ہراساں کرنا) اور 354 اے (تشدد اور جنسی ہراساں) کے تحت چارج شیٹ درج کی جا چکی ہے،اگر محمد شامی کے خلاف الزامات درست ثابت ہوئے تو انہیں 5 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔دوسری جانب ان کی اہلیہ کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کو محمد شامی مسترد کر چکے ہیں اس حوالے سے بتایا گیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے محمد شامی کے ساتھ طے پانے والے معاہدہ کو تاحال حتمی شکل نہیں دی۔
وقت اشاعت : 15/03/2019 - 15:05:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :