نیوزی لینڈ کے مسلمان رگبی پلیئر کامساجدپر حملے کے بعد بیان

یقین ہے کہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد جنت میں ہونگے:سونی بل ولیمز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ مارچ 16:04

نیوزی لینڈ کے مسلمان رگبی پلیئر کامساجدپر حملے کے بعد بیان
ویلنگٹن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15مارچ 2019ء) نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے رگبی کے کھلاڑی سونی بل ولیمز نے اپنے ملک میں مسلمانوں پر ہونےوالے حملے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کیاہے۔سونی بل ولیمز وڈیو پیغام میں انتہائی پریشان اور آبدیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ اپنے وڈیو پیغام میں کہہ رہے ہیں کہ ”آج نیوزی لینڈ میں جو واقعہ پیش آیاہے اور اس واقعے کے نتیجے میں متاثرین پر جو بیتی ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کرسکتے۔

مجھے یقین ہے کہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد جنت میں ہونگے۔ اس واقعے میں متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا گو ہوں“۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی 2 مساجد النوراورلینوڈ میں فوجی وردی میں ملبوس 28 سالہ انتہا پسند آسٹریلوی سفید فام برینٹن ٹیرنٹ کی فائرنگ سے 49 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے جب کہ وہاں دورہ پرموجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم بھی اس حملے میں بال بال بچ گئی۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی وزیراعظم نے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ کرنےوالا برینٹن ٹیرنٹ آسٹریلوی شہری ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مساجد پر حملہ منصوبہ بندی سے کیا گیا،مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ نماز جمعہ کے دوران کی گئی۔ مزید چارافراد کو حملے میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آورنے اپنی ہولناک فائرنگ کی لائیو وڈیو ریکارڈنگ بھی کی۔نیوزی لینڈ پولیس نے شہریوں کو متاثرہ مسجد سے دور رہنے کی ہدایت کردی ہے، کرائسٹ چرچ کی دیگر مساجد خالی کرالیا گیا ہے جب کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق شہر کے گرجا گھر اور سکول بھی بند کردیئے گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ نماز جمعہ کے 10 منٹ بعد شروع ہوئی جب کہ ایک شخص آٹو میٹک رائفل کے ساتھ مسجد میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے دوران وہ اسلام اور تارکین وطن کے خلاف زہر اگلتا رہا۔دوسری جانب بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے اوپنر تمیم اقبال نے کہا کہ ٹیم حملے کے وقت مسجد میں موجود تھی اور اسی دوران ٹیم کے ارکان نے مسجد سے بھاگ کر جان بچائی تاہم ہمارے تمام کرکٹر محفوظ ہیں۔ادھروزیراعظم نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 15/03/2019 - 16:04:31

Your Thoughts and Comments