سعید اجمل نے نوجوان سپنر عمر خان کیلئے آواز بلند کردی

کم عمری میں بے پناہ صلاحیتوں کے باعث پاکستان کا اثاثہ بن سکتے ہیں:سابق آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 مارچ 2019 16:36

سعید اجمل نے نوجوان سپنر عمر خان کیلئے آواز بلند کردی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16مارچ 2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف سپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ نوجوان لیفٹ آرم سپنر عمر خان مستقبل میں پاکستان کا اثاثہ بننے کی اہلیت ہے جس کے پاس کم عمری میں وہ صلاحیتیں ہیں جن کو نکھار کر پاکستان کرکٹ کیلئے موثر ہتھیار بنایا جا سکتا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ سپن باﺅلنگ ایک ایسا آرٹ ہے جس سے مخالف ٹیم کے رنز روکے جا سکتے ہیں اور اگر پی سی بی اس جانب سنجیدگی سے توجہ دے تو کئی سپنرز سامنے آ سکتے ہیں کیونکہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔

41سالہ سابق آف سپنر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی اہمیت اپنی جگہ لیکن ڈومیسٹک کرکٹ اس سے کہیں زیادہ ضروری ہے کیونکہ بیس اوورز میں کھلاڑی کا اندازہ نہیں ہو پاتا مگر تین اور چار روزہ میچوں میں کرکٹر کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کا بھی علم ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی اور فور ڈے میچز کیلئے مختلف کھلاڑیوں کو صلاحیت کے مطابق منتخب کیا جائے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں یہ بھی دیکھنا چاہئے کہ کسی پلیئر کا معیار کیا ہے۔

آسٹریلیا کیخلاف اہم کھلاڑیوں کو آرام کرانے کے فیصلے پر سعید اجمل کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے اس اقدام سے متعلق کچھ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیصلہ مشاورت کے ساتھ ہوا یا پلیئرز کی مرضی نہیں پوچھی گئی البتہ انٹرنیشنل کرکٹ کا دباﺅ بہت زیادہ ہوتا ہے لہٰذا ممکن ہے کہ کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہو گئے ہوں جس کے پیش نظر انہیں آرام کا موقع دے دیا گیا۔ 
وقت اشاعت : 16/03/2019 - 16:36:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :