پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں شاعر مشرق کے پوتے سینیٹر ولید اقبال اور آل رؤنڈر کرکٹر محمد حفیظ کی آمد

سیف سٹیز اتھارٹی میں موجود نوجوان ملک کو محفوظ بنانے میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں‘سینیٹر ولید اقبال پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں سیف سٹی پراجیکٹ کا کلیدی کردار ہی؛ یہاں آکر فخر محسوس کر رہا ہوں‘کرکٹر محمد حفیظ

ہفتہ 16 مارچ 2019 23:11

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں شاعر مشرق کے پوتے سینیٹر ولید اقبال اور آل رؤنڈر کرکٹر محمد حفیظ کی آمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) یوم پاکستان کی تقریبات میں وطن عزیز کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کر رہے ہیں۔ سیف سٹیز اتھارٹی میں موجود نوجوان ملک کو محفوظ بنانے میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکیم الامت ؒ کے پیغام کے مطابق ہمارے نوجوان ہی ملک و ملت کا اصل سرمایہ ہیں۔ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں سیف سٹی پراجیکٹ کا کلیدی کردار ہے۔

سیف سٹیز پراجیکٹ دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت بن رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارشاعر مشرق کے پوتے سینیٹر ولید اقبال اور آل راونڈر کرکٹر محمد حفیظ نے آج یہاں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹرکے دورہ کے موقع پر پولیس کمیونیکیشن افسران سے خطاب میں کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر اکبرناصر خان اور چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمد کامران خان نے دونوں مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا۔

(جاری ہے)

دونوں مہمانوں نے IC3کے نوجوان پولیس کمیونیکشن افسران سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سینیٹر ولید اقبال نے شاعر مشرقؒ کے درخشاں افکار اور فلسفہ خودی پر روشنی ڈالی۔ سینیٹر ولید اقبال کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو سیف سٹی اتھارٹی جیسے جدید منصوبے سے روشناس کروا کر پاکستان پر ان کے اعتماد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان آل راؤنڈر کرکٹر محمد حفیظ نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ پاکستان میں اس قدر جدید اور بہترین انداز میں سرویلنس جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بخوبی علم ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں سیف سٹی پراجیکٹ کا کلیدی کرداررہا ہے۔ آج خود اس سینٹر میں آ کر پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز پراجیکٹ دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت بن رہا ہے۔ دونوں مہمانوں نے ریڈیو سیف سٹی ایف ایم 88.6 کے پروگرام میں بھی شرکت کی اور سامعین کے سوالوں کے جواب دئیے۔چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان اور چیف ایڈمن محمد کامران خان نے دونوں مہمانوں کواتھارٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈز پیش کیں۔
وقت اشاعت : 16/03/2019 - 23:11:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :