رونالڈو پر حریف ٹیم کے کوچ کی نقل پر قواعد کی خلاف ورزی کا الزام ، یوئیفا نے تحقیقات کا آغاز کردیا

ْیونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے رونالڈو کے جشن پر فیصلہ پرسوں سنایا جائیگا

منگل 19 مارچ 2019 15:56

رونالڈو پر حریف ٹیم کے کوچ کی نقل پر قواعد کی خلاف ورزی کا الزام ، یوئیفا نے تحقیقات کا آغاز کردیا
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) یونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن (یوئیفا) نے چمپیئنز لیگ کے ایک اہم میچ میں اٹلی کے کلب یوونٹس کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کے بعد جشن مناتے ہوئے مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یوئیفا نے کہا کہ رونالڈو کو گزشتہ ہفتے یوونٹس کے لیے 3 گول کرنے کے بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ ڈیاگو سمیون کی نقل اتارنے پر قواعد کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا ہے۔رونالڈو نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے تماشائیوں کی جانب رخ کرکے ان کے کوچ سیمیون کی نقل اتاری، سمیون نے اس سے قبل کھیلے گئے پہلے میچ میں 0-2 سے کامیابی کے بعد نامناسب انداز میں جش منایا تھا جس کے بعد ان پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یوئیفا کی جانب سے رونالڈو کے جشن پر فیصلہ 21 مارچ کو سنایا جائیگا۔اطالوی کلب نے رونالڈو کی شاندار کارکردگی کے باعث چمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے جہاں اس کا مقابلہ ڈچ کلب اجاکس سے 10 اپریل کو ایمسٹرڈیم اور 16 اپریل کو تورن میں ہوگا۔خیال رہے کہ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ سمیون پر 20 ہزار یورو جرمانہ عائد کیا گیا ۔یوونٹس کے کوچ میسی میلیانو الیگری نے کہا کہ وہ مطمئن ہیں کہ رونالڈو پر کوئی جرمانہ عائد نہیں ہوگا اور نہ ہی معطل کیا جائیگا۔

انہوںنے کہاکہ میرے خیال میں میدان میں اور اسٹینڈز میں ہر کوئی اپنے انداز میں جشن مناتا ہے۔اطالوی کلب کے کوچ نے کہا کہ میں نے جشن کے علاوہ کوئی عجیب بات نہیں دیکھی اور کوئی معطلی نہیں ہوگی۔چمپیئنز لیگ کے 5 مرتبہ کے فاتح رونالڈو یورپین چمپیئنز لیگ میں 160 میچ کھیل کر ریکارڈ 124 گول کر چکے ہیں اور گزشتہ برس جولائی میں اسپین کے مشہور کلب ریال میڈرڈ سے طویل رفاقت ختم کرتے ہوئے اٹلی کے کلب یوونٹس ٹرانفسر ہوئے تھے۔
وقت اشاعت : 19/03/2019 - 15:56:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :