آئندہ پی ایس ایل کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنائیں گے، کمشنر کراچی

منگل 19 مارچ 2019 16:23

آئندہ پی ایس ایل کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنائیں گے، کمشنر کراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) ڈی کے ایونٹ مینجمنٹ کے زیرِ اہتمام 2 تلوار چورنگی کو برقی قمقموں، کھلاڑیوں کے پورٹریٹ، سے پی ایس ایل سیزن فور کے سلسلے میں 10 روز کیلئے سجایا گیا تھا۔ شہریوں کیلئے تمام میچز بڑی بڑی ٹی وی اسکرینوں پر دکھائے گئے۔ خصوصی ملی نغموں کی گونج نے بچوں اور نوجوانوں میں جوش و ولولہ پیدا کردیا۔

کوئٹہ گلیڈئیٹرز کی فائنل میں کامیابی پر شہریوں کا میلہ لگ گیا۔ آتش بازی اور نغموں پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ PSL سیزن 4 کے سلسلے میں 2 تلوار کلفٹن پر منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کمشنر کراچی افتخار شلوارنی نے کہا کہ آئندہ سال PSL کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں شہریوں کا جذبہ قابل ستائش ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں منعقدہ تمام میچز میں شہریوں نے انتظامیہ سے بھرپور تعاون اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کیلئے بھرپور سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ ڈی کے ایونٹ مینجمنٹ کے چیف ایگزیکتو دانش خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے شہریوں میں وطن سے محبت کے جذبے کیلئے مختلف ایونٹس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ 2 تلوار کلفٹن پر پی ایس ایل کے سلسلے میں بھرپور جشن کا اہتمام کیا گیا جس سے کراچی کی مفقود روشنیوں کی بحالی میں بھرپور مدد ملی ہے۔
وقت اشاعت : 19/03/2019 - 16:23:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :