بھارتی تحفظات مسترد، آئی سی سی نے عمر اکمل کو کھیلنے کی اجازت دیدی

جب تک فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں اس وقت تک عمر اکمل کرکٹ کھیل سکتے ہیں:آئی سی سی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 مارچ 2019 18:56

بھارتی تحفظات مسترد، آئی سی سی نے عمر اکمل کو کھیلنے کی اجازت دیدی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20مارچ 2019ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز میں عمر اکمل کی شمولیت پر آئی سی سی نے بھارتی اعتراضات مسترد کردئیے۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عمر اکمل کی ٹیم میں شمولیت پر آئی سی سی نے بھارتی تحفظات مسترد کرتے ہوئے عمر اکمل کو کھیلنے کے لیے گرین سگنل دے دیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ہونے والے بیا ن میں کہا گیا ہے کہ عمر اکمل کے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے میں کوئی پابندی نہیں ہے،جب تک فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں اس وقت تک عمر اکمل کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

عمر اکمل کے خلاف ورلڈ کپ کے دوران فکسنگ کی پیش کش کے بیان کی تحقیقات جاری ہیں لیکن ان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔مڈل آرڈر بلے باز کی طویل عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ،انہیں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 22 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ بیٹسمین نے آئی سی سی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا تھا تاہم بین الاقوامی ادارہ عمر اکمل کے بیان سے مطمئن نہیں ہوا اور آئی سی سی معاملے کی مزید چھان بین کررہی ہے۔

عمر اکمل نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ورلڈ کپ 2015 ءمیں انھیں میچ کے دوران 2 گیندیں چھوڑنے کے عوض 2 لاکھ ڈالرز کی پیش کش ہوئی تھی جسے انھوں نے مسترد کر دیا تھا۔خیال رہے کہ عمر اکمل پہلے ہی پاکستان ٹیم سے باہر تھے جس کا سبب ڈسپلن اور خراب فارم تھی، موجودہ تحقیقات کے بعد ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو گیا تھا۔
وقت اشاعت : 20/03/2019 - 18:56:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :