آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میں شان مسعود کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ

مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام4بجے شروع ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 مارچ 2019 11:59

آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میں شان مسعود کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مارچ 2019ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج شام4بجے شارجہ میں کھیلا جائیگا۔ٹیم مینجمنٹ نے شان مسعود کا ون ڈے ڈیبیو کیلئے انتظار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ پہلے ون ڈے میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ رنز بنانے کے بعد دورہ جنوبی افریقہ میں انجرڈ حارث سہیل کا خلا پر کرتے ہوئے شان مسعود نے ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، انھیں ون ڈے سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا لیکن پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں مل سکی تھی، اب آسٹریلیا کیخلاف ان کا ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کا خواب پورا ہونے جارہا ہے، اس سے قبل شان مسعود ایشیا کپ کیلئے سکواڈ میں بھی منتخب ہوئے تھے،شان مسعود نے کہا کہ میں ایشیاکپ میں کھیلنے کی توقع کر رہا تھا لیکن بوجوہ ایسا ممکن نہ ہو سکا،میں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہوا، ون ڈے میں کبھی موقع ہی نہیں ملا تھا، ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنائے اور کم بیک کرنے میں کامیاب ہوا، امید ہے کہ ٹیسٹ کی کارکردگی ون ڈے میچز میں بھی دہرانے میں کامیاب ہو جاﺅں گا۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 24 مارچ، تیسرا میچ 27 مارچ، چوتھا میچ 29 مارچ ، پانچواں اور آخری میچ 31 مارچ کو کھیلا جائےگا۔ تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے شروع ہوں گے۔شیڈول کے مطابق سیریز کے پہلے دونوں میچز شارجہ، تیسرا میچ ابوظہبی ، چوتھا اور آخری میچ دبئی میں کھیلا جائیگا۔پاکستان کے خلاف آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، ہینڈسکومب، شان مارش، مارکس سٹوئنس،ایشٹن ٹرنر، گلین میکسویل، پیٹ کمنس، جیسن بینڈروف، جے رچرڈسن، نیتھن لیون، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل شامل ہیں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کریں گے جبکہ 16 رکنی قومی سکواڈ میں امام الحق، عابد علی، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بھارت کو ہرا کر آئی ہے۔
وقت اشاعت : 22/03/2019 - 11:59:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :