لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام (کل )ایک نمائشی پولو میچ کھیلا جائے گا

جمعہ 22 مارچ 2019 17:35

لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام (کل )ایک نمائشی پولو میچ کھیلا جائے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب کے زیراہتمام کل بروز (ہفتہ )کو 23 مارچ کے موقع پر ایک نمائشی پولو میچ کھیلا جائے گا۔ لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب اور لاہور گیریژن پولو کلب کے صدر کرنل (ر) شعیب آفتاب کے مطابق دونوں کلبوں کے درمیان ڈائمنڈ پینٹس کے تعاون سے ایک نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔ لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب ڈیفنس فیز آٹھ میں نیا کلب بنایا گیا ہے جو کہ سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے مزین ہے۔

کرنل شعیب آفتاب کا کہنا تھا کہ زندہ دلان لاہور کو بہترین پولو گرائونڈز کے ساتھ بہترین میچز بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ ایئرپورٹ کی مخالف سمت ڈیفنس فیزآٹھ میں واقع اس کلب میں تین گرائونڈز کے ساتھ جھیل، کلب ہائوس اور ورلڈ کلاس اصطبل بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

میچ لاہور پولو اینڈ کنٹری کلب اور لاہور گیریژن پولو کلبوں کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لاہورپولو اینڈ کنٹری کلب کی ٹیم میں میر حذیفہ احمد، فاروق امین صوفی، سردار محسن عطاء کھوسہ اور عدنان جلیل اعظم شامل ہیں جبکہ لاہور گیریژن پولو کلب کی ٹیم میں میاں عباس مختار، قاسم احمد خان، فراست علی چٹھہ اور لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس شامل ہیں۔ کرنل شعیب آفتاب نے ڈائمنڈ پینٹس کے سی ای او میر شعیب احمد کا خصوصی شکریہ ادا کیاجنہوں نے ایونٹ کو سپانسر کیا۔

کرنل شعیب کے مطابق میچ دیکھنے کیلئے پاکستان بھر سے بڑے لوگوں کی آمد متوقع ہے۔ میچ 23 مارچ کو سہ پہر چار بجے کھیلا جائے گا۔ اس موقع پر میر شعیب احمد کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ لاہور میں ایک نیا کلب شروع ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے زیادہ کلب ہوں گے پولو اتنی ہی زیادہ کھیلی جائے گی جس کی وجہ سے پولو زیادہ فروغ پائے گی۔
وقت اشاعت : 22/03/2019 - 17:35:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :