جلدی وکٹیں نہ لینے کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا: شعیب ملک

سیٹ ہو جانے والے کینگرو بیٹسمینوں کیخلاف اضافی سنگل دیئے :قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 مارچ 2019 12:17

جلدی وکٹیں نہ لینے کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا: شعیب ملک
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ 2019ء) آسٹریلیا کیخلاف پہلے ون ڈے میں ناکامی پر قومی کپتان شعیب ملک نے باﺅلنگ کے دوران ابتدائی حملوں میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایرون فنچ اور شان مارش نے اننگز کو کنٹرول کرنے کے بعد اسے گہرائی تک پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ بہتری کی گنجائش رہتی ہے لیکن سیٹ ہو جانے والے کینگرو بیٹسمینوں کیخلاف اضافی سنگل دیئے گئے لہٰذا انہیں کچھ پہلوﺅں پر بہتری درکار ہے۔

انہوں نے انجری سے نجات کے بعد کم بیک کرنے والے حارث سہیل کو سنچری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹنگ پاکستانی بیٹنگ لائن میں بہتری کی نشاندہی ہے۔ یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک،صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے281رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے لیے عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے اننگز کا آغاز کیا اورپہلی وکٹ کے لیے63رنز جوڑے جس کے بعد عثمان خواجہ24رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے،ایرون فنچ اور شان مارش نے دوسری وکٹ کےلئے172رنز جوڑے اور دوران فنچ نے اپنی12ویں سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد فنچ116رنز سکور کرکے محمد عباس کی پہلی ون ڈے وکٹ بنے،مارش اور ہینڈ سکومب نے 46رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو کامیابی دلائی ، مارش 91اور ہینڈ سکومب 30رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ،پاکستان کے لیے فہیم اشرف اور عباس نے 1 ،1وکٹ لی ۔

اس سے قبل شارجہ میں کھیلے جارہے پہلے ایک روزہ میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام 35 رنز کے مجموعی سکور پر 17 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ شان مسعود اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ کےلئے 43رنز جوڑے جس کے بعد شان مسعود بھی 40 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

عمراکمل اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کےلئے98رنز کی شراکت داری قائم کی اور اس دوران حارث سہیل نے اپنی11ویں نصف سنچری بھی مکمل کی جس کے عمر اکمل بڑا شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے 3 چھکوں کی مدد سے49رنز بنا کر کورٹنائل کا شکار بن گئے ،کپتان شعیب ملک میکسویل کے اوور میں چھکا اور چوکا لگانے کے بعد11رنز بنا کر بولڈ ہوگئے،حارث سہیل اور فہیم اشرف نے پانچویں وکٹ کے لیے49رنز جوڑے جس کے بعد فہیم اشرف24رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، عماد وسیم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 23 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ،حارث سہیل نے اپنی پہلی ون ڈے سنچری مکمل کی،وہ101رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کوٹرنائل اور میکسویل نے 2،2 اور نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم میں شان مسعود اور محمد عباس نے ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔
وقت اشاعت : 23/03/2019 - 12:17:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :