کیتھرین ڈیلٹن اور این پونٹ کا جنوبی پنجاب کے فاسٹ باﺅلرز کے ساتھ ٹریننگ سیشن

امید ہے کہ ان میں کچھ لڑکے پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کریں گے اور مستقبل کے سپر سٹار ثابت ہوں گے:غیر ملکی کوچز کا بیان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 مارچ 2019 14:45

کیتھرین ڈیلٹن اور این پونٹ کا جنوبی پنجاب کے فاسٹ باﺅلرز کے ساتھ ٹریننگ سیشن
ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23مارچ2019ء) انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ باﺅلر اور نیشنل فاسٹ باﺅلنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ باﺅلنگ کوچ این پونٹ جنوبی پنجاب میں ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی اکیڈمی میں فاسٹ باﺅلرز کے ساتھ ٹریننگ سیشن کرنا شروع ہوگئے ہیں ۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیتھرن ڈیلٹن اور این پونٹ کا کہنا تھا کہ وہ جنوبی پنجاب میں آکر انتہائی خوش ہیں اور یہاں اکیڈمی میں نوجوان باﺅلرز کے ساتھ کام کرنے کے لیے بے تاب ہیں،وہ ان باﺅلرز کی رفتار بڑھانے اور ان کی جسمانی مضبوطی پر کام کریں گے اور انہیں امید ہے کہ ان میں کچھ لڑکے ایک دن پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے اور مستقبل کے سپر سٹار ثابت ہوں گے۔

یادرہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کی جانب سے توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پانے کے بعد ٹیم کے مالک علی ترین کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

علی ترین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پی ایس ایل کے نتائج کے باوجود ٹورنامنٹ ملتان سلطانز کیلئے زبردست تجربہ ثابت ہوا ہے۔ علی ترین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ختم ہو گیا لیکن اصل کام اب شروع ہوا ہے۔

علی ترین نے اعلان کیا تھا کہ رواں ہفتے جنوبی پنجاب کے باﺅلرز کی تربیت کیلئے انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بولر اور نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ بولنگ کوچ این پونٹ آئیں گے۔ ملتان میں فاسٹ باولرز کیلئے خصوصی کیمپ لگایا جائےگا، کیمپ میں انگلینڈ نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ بولنگ کوچ آئین پونٹ نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔

جنوبی پنجاب کے لوگ اپنی مہمان نوازی کیلئے مشہور ہیں، اس لیے فاسٹ باولنگ کیمپ میں دیگر پی ایس ایل ٹیموں کے نوجوان فاسٹ باولر بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ علی ترین کا مزید کہنا ہے کہ بیٹنگ کے کیمپ کیلئے سابق جنوبی افریقی آل راﺅ نڈر لانس کلوزنر سے بھی بات ہو رہی ہے جبکہ ملتان سلطانز جون تک نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک ٹیم ترتیب دےکر اسے انگلینڈ لے جائے گی۔

انگلینڈ میں نوجوانوں کی ٹیم انگلش کلبز اور جامعات کی ٹیموں کے ساتھ میچز کھیلے گی۔ یوں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پی ایس ایل کے دوران ٹیم کے میڈیا پارٹنرز اور دیگر سپانسرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی ویب سائٹ اردو پوائنٹ بھی پی ایس ایل 4 کے دوران ملتان سلطانز کی میڈیا پارٹنر تھی۔
وقت اشاعت : 23/03/2019 - 14:45:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :