مودی سرکار نے پاکستان دشمنی میں تمام حدیں پار کرلیں

سونی پکچرز نے پاکستان اور آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز بھارت میں دکھانے سے معذرت کرلی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 24 مارچ 2019 15:55

مودی سرکار نے پاکستان دشمنی میں تمام حدیں پار کرلیں
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مارچ 2019ء) مودی سرکار نے ایک بار پھر پاکستان سے اپنی ازلی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری ون ڈے سیریز بھارت میں دکھانے سے روک دی ہے ۔ذرائع کے مطابق بھارت میں پاکستان اور عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز دکھانے کے رائٹس ”سونی پکچرز نیٹ ورکس“ کے پاس تھے جس نے ”شیڈول مسائل“ کا بہانہ بنا کر سیریز کو بھارت میں دکھانے سے معذرت کرلی ہے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت کی جانب سے پاکستان کے سب سے بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ پی ایس ایل کو نقصان پہنچانے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی۔ پاکستان سپر لیگ کی نشریاتی کمپنی ڈی سپورٹس جو کہ ایک بھارتی کمپنی ہے، اس نے عین ٹورنامنٹ کے درمیان میں پی ایس ایل کی مزید کوریج کرنے سے انکار کردیا تھاتاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے بروقت اقدامات کے باعث ایک دوسری کمپنی نے پی ایس ایل کے میچز کی کوریج کی حامی بھری اور پی ایس ایل کو ناکام ہونے سے بچایا۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے بعد ازاں غیر ملکی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں نہ کھلانے کی دھمکی دے کر انہیں پاکستان جانے سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی تاہم بھارت اس سازش میں بھی ناکام رہا۔مودی سرکار کے اس گھٹیا عمل کے جواب میں پاکستان نے بھی بھارت کی سازشوں کا جواب دینے کا فیصلہ کیا اور وفاقی وزرت اطلاعات نے پاکستان میں آئی پی ایل میچز نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے جب کہ اس حوالے سے پیمرا کو باقاعدہ ہدایات جاری کردی گئیں۔ 
وقت اشاعت : 24/03/2019 - 15:55:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :