دوسرا ون ڈے ، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 285رنز کا ہدف دیدیا

محمد رضوان کی پہلی سنچری،شعیب ملک کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 24 مارچ 2019 19:24

دوسرا ون ڈے ، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 285رنز کا ہدف دیدیا
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مارچ 2019ء) پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں عالمی چیمپئن آسٹریلیاکو جیت کے لیے 285رنز کا ہدف د ے دیا ہے۔شارجہ میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔پاکستان کے لیے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا تاہم امام الحق صفر کی خفت سے دوچار ہوکر رچرڈسن کی گیند پر بولڈ ہوئے،شان مسعود اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ کے لیے35رنز جوڑے جس کے بعد شان مسعود19رنز بناکر رچرڈ سن کا دوسرا شکار بنے،حارث سہیل اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کے لیے52رنز جوڑے جس کے بعد حارث سہیل 34رنز بنا کر فنچ کا شکار بن گئے ،عمر اکمل ایک بار پھر لمبی باری کھیلنے میں ناکام رہے اور16رنز بنا کر لیون کا شکار بنے،شعیب ملک اور محمد رضوان نے پانچویں وکٹ کے لیے127رنز کی عمدہ شراکت داری قائم کی اور دوران انہوں نے اپنی کیریئر کی 44ویں نصف سنچری اور رضوان نے پہلی سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد شعیب ملک60رنز بنا کر زامپا کا شکار بنے،محمد رضوان11چوکوں کی مدد سے115رنز سکورکرکے کورٹنائل کی گیند پر میکسویل کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پوویلین لوٹے،فہیم اشرف 14رنز بنا کر کورٹنائل کا دوسرا شکار بنے،عماد وسیم 19رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے اور پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر آسٹریلیا کو گزشتہ میچ کی طرح نسبتاً آسان ہدف دیا،آسٹریلیا کے رچرڈسن اور کورٹنائل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم زامپا، لیون اور ایرون فنچ کے حصے میں ایک، ایک آسکی۔

(جاری ہے)

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ آج اچھی بیٹنگ اور باﺅلنگ کرکے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے،پہلے میچ میں ٹیم کی بیٹنگ تو اچھی تھی لیکن باﺅلنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔آسٹریلین ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ٹیم گزشتہ میچ کے کھلاڑیوں کے ہمراہ ہی میدان میں اترے گی۔قومی ٹیم کی جانب سے نوجوان فاسٹ باﺅلر محمد حسنین ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں، ان کو محمد عامر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی ٹیم کی کپتانی شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، امام الحق، عمر اکمل، حارث سہیل، محمد رضوان، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد حسنین، محمد عباس اور یاسر شاہ شامل ہیں۔آسٹریلیا کی ٹیم ایرون فنچ( کپتان)، عثمان خواجہ، شان مارش، پیٹر ہینڈسکومب، مارکس سٹوئنس، گلین میکسویل، ایلکس کیری، نیتھن کوٹرنائل، جے رچرڈسن، نیتھن لیون اور ایڈم زامپا پر مشتمل ہے۔واضح رہے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹ کے شکست دی تھی۔
وقت اشاعت : 24/03/2019 - 19:24:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :