یوفون بلوچستان فٹبال کپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

سپر 8 مرحلہ میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کا معائنہ کیا ، جیتنے کے عزم کا اظہار

پیر 25 مارچ 2019 13:45

یوفون بلوچستان فٹبال کپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2019ء) کوئٹہ کے مالی باغ اسٹیڈیم میں یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے تیسرے ایڈیشن کے سپر8 مرحلے کی میزبانی کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے سپر 8 مرحلے کے لئے آٹھ ٹیموں نے اپنی جگہ بنالی ہے جو آج سے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہورہی ہیں، ان ٹیموں میں شہید بالاچ ایف سی نوشکی، جلاوان ایف سی خضدار، باچا خان ایف سی لورالائی، افغان ایف سی پشین، پنجگور ایف سی ، افغان ایف سی چمن ، ٹائیگرز رئیسانی ایف سی کوئٹہ اور فیض اللہ ایف سی آغا کوئٹہ شامل ہیں۔



اس ٹرافی کی رونمائی کے سلسلے میں تقریب مالی باغ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ سپر 8 مرحلے میں پہنچنے والی 8 ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اپنے ہاتھ سے دیکھنے کا موقع ملا اور انہوں نے اپنی صلاحیت اور بھرپور محنت سے اسے جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یوفون نے چیمپیئن شپ کے لئے آفیشل نغمہ بھی ریلیز کیا۔ اس گیت کا عنوان 'جیت کے دکھا دو 'ہے جسے جہانزیب بلوچ اور زی علی نے تحریر کیا جبکہ اظہار علی نے اسے گایا ہے۔

اظہار علی کوئٹہ کے گلوکار، نغمہ نگار اور موسیقار ہیں اور ایسٹ ریکارڈز کے نام سے ان کا اپنا لیبل ریکارڈ بھی ہے۔ اس نغمہ کو بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹس نے تیار کیا اور گایا ہے ، اور اس سے یوفون کی جانب سے بلوچستان کے مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور اسے قومی سطح پر سامنے لانے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

قبل ازیں، بلوچستان کے آٹھ شہروں میں کوالیفائرز اور ایلیمنیٹرز راوٴنڈز منعقد ہوئے جن میں کامیاب ٹیمیں اب سپر 8 مرحلے میں ایک دوسرے سے نبرد آزما ہو رہی ہیں ۔

اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سیمی فائنل میچز پہلی بار فلڈ لائٹس میں 28 مارچ کو منعقد ہوں گے جبکہ فائنل 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

یوفون کی جانب سے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد پہلی بار سال 2017 میں بلوچستان میں فٹبال کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لئے پلیٹ فارم کی فراہمی کے مقصد کے ساتھ ہوا۔ بلوچ نوجوانوں میں فٹبال انتہائی مقبول ہے اور صوبے کے تقریبا ہر گاوٴں میں فٹبال کھیلی جاتی ہے۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے بے شمار اسٹار کھلاڑی قومی سطح پر کھیل چکے ہیں جن میں فضل محمد اور ریاض خان شامل ہیں اور یہ بڑے کھلاڑی پچھلا ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں اور اب اس ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔

پہلا ٹورنامنٹ بلوچستان کے چار شہروں خضدار، چمن، پشین اور کوئٹہ میں کھیلا گیا جس میں مسلم ایف سی چمن فتح یاب رہی۔

سال 2018 میں اس ٹورنامنٹ کا دوسرا ایڈیشن ہوا جس میں لورالائی اور نوشکی شہر کے کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا اور ایکوا ایف سی کوئٹہ ٹیم نے ٹرافی اپنے نام کی۔ رواں سال اس ٹورنامنٹ کا تیسرا ایڈیشن جاری ہے جس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں مزید دو شہر پنجگور اور گوادر شامل ہوئے ہیں ۔ اس ٹورنامنٹ میں آٹھ شہروں کی 48 ٹیموں کے 720 نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے۔
وقت اشاعت : 25/03/2019 - 13:45:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :