جنوبی افریقہ نے آخری ٹی 20بھی جیت لیا: سری لنکا کو 45رنز سے شکست

سیریز3-0سے وائٹ واش،پریٹوریس کو میچ اور ریزا ہینڈرکس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

پیر 25 مارچ 2019 19:51

جنوبی افریقہ نے آخری ٹی 20بھی جیت لیا: سری لنکا کو 45رنز سے شکست
جوہانسبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی۔جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کے کپتان لاستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر میزبان جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔جنوبی افریقہ کے اوپنرز میکرم اور ہینڈرکس نے 37 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جبکہ لکمل نے میکرن کو 15 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں ہینڈرکس اور پریٹوریس نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں اور اسکور 127 رنز تک پہنچا دیا۔وینڈرسے نے ہینڈرکس کو 127 کے مجموعے پر آوٹ کیا تو انہوں نے 66 رنز بنائے تھے جس کے بعد سری لنکن باولرز مزید کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا کر حریف ٹیم کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔

پریٹوریس 77 اور جے پی ڈومینی 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کے نیروشان ڈیکویلا نے ہدف کے تعاقب میں 38 رنز بنا کر ڈی سلوا کے ہمرا 42 رنز کا آغاز کیا لیکن وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور دوسرے اینڈ سے دیگر بلے باز بھی مسلسل آوٹ ہوتے رہے۔ڈیکویلا 38 رنز بنا کر آوٹ ہوئے اور 96 کے مجموعے پرسری لنکا کے 6 بلے باز آوٹ ہوچکے تھے اور 8 بلے باز دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 137 رنز بنا کر آوٹ ہوئی اور 45 رنز سے شکست کے بعد سیریز میں کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جنوبی افریقہ کے فیلوکوایو نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، جونیئر ڈیلا اور سپاملا نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔پریٹوریس کو میچ اور ریزا ہینڈرکس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 25/03/2019 - 19:51:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :