عثمان خان شنواری نے وہ کردکھایا جو وسیم اکر م بھی نہیں کرسکتے تھے

پیسر اب تک15ون ڈے میچز میں28وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 اپریل 2019 14:01

عثمان خان شنواری نے وہ کردکھایا جو وسیم اکر م بھی نہیں کرسکتے تھے
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2019ء) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر عثمان خان شنواری نے ایک اور ملکی اعزاز اپنے نام کرلیا۔24سالہ عثمان خان شنواری نے آسٹریلیاکے خلاف آخری ون ڈے میں 49رنز دے کر4کھلاڑی آﺅٹ کیے ،وہ اب تک15ون ڈے میچز میں19.32کی اوسط سے 28وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ،ان کے علاوہ گگلی ماسٹر عبدالقادر، سرفراز نواز اور فاسٹ باﺅلر حسن علی نے بھی اپنے پہلے 15ون ڈے میچز میں 28،28شکار کیے تھے۔

یاد رہے کہ عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کےخلاف آخری ون ڈے میں 20رنز سے کامیابی حاصل کرکے کلین سویپ مکمل کرلیا ۔آسٹریلیا کے 328رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کےلئے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی بغیر کوئی رن بنائے بہرنڈوف کا شکار بن گئے،شان مسعود اور حارث سہیل نے دوسری وکٹ کےلئے108رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران شان مسعود نے اپنی پہلی نصف سنچری سکور کی جس کے فوری بعد وہ ایڈم زامپا کا شکار بن گئے، محمد رضوان بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور12رنز بنا کر میکسویل کی گیند پر آﺅٹ ہوگئے ،عمر اکمل اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے 103رنز جوڑے اور اس دوران حارث سہیل نے اپنی دوسری سنچری مکمل کی جسکے بعد عمر اکمل43رنز بنا کر لیون کی گیند پر پوویلین لوٹے،حارث سہیل 130رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر رچرڈسن کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے،سعد علی4رنز بنا کر بہرنڈوف کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے،یاسر شاہ اور عماد وسیم نے 7ویں وکٹ کےلئے47رنز جوڑے جس کے بعد یاسر11رنز بنا کر پوویلین لوٹے،عماد وسیم نے اپنی5ویں نصف سنچری مکمل کی، کینگروز کے 328 رنز کے جواب میں گرین شرٹس کے بلے بازوں نے نسبتاً زیادہ مزاحمت کا مظاہرہ کیا لیکن کامیابی کے ساتھ میچ فنش نہ کرنے کی روایت کو برقرار رہی اور پاکستانی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 307 رنز تک محدود رہی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو 134 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اس دوران فنچ نے اپنی21ویں اور عثمان خواجہ 10ویں نصف سنچری مکمل کی تاہم ایرون فنچ 53 رنز بنانے کے بعد عثمان شنواری کا شکار بن گئے،عثمان خواجہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور98رنز بنا کر عثمان شنواری کی دوسری وکٹ بنے،شان مارش اور گلین میکسویل نے تیسری وکٹ کے لیے 60رنز جوڑے اور اس دوران مارش نے اپنی15ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ جنید خان کی گیند پر عابد علی کے شاندار کیچ کی بدولت60رنز بنا کر پوویلین لوٹے،گلین میکسویل نے بھی اپنی19ویں نصف سنچری سکور کی جب کہ مارکس سٹوئنس صرف4رنز بنا کر شنواری کا تیسرا شکار بنے،میکسویل70رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعد جنید خان کے ہاتھوں بولڈ ہوئے جنہوں نے ایلکس کیری کو صفر کی خفت سے دوچار کیا،ہینڈسکومب 8رنز بنا کر شنواری کی چوتھی وکٹ بنے،بہرنڈوف 6 اور رچرڈسن 5 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے سب سے زیادہ 4 اور جنید خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 01/04/2019 - 14:01:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :