کھلاڑیوں کی سوشل میڈیا پر سرگرمیاں بعض اوقات پریشان کن ثابت ہوتی ہیں:مکی آرتھر

آصف علی ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے اور نمبر چھ پر ایک خطرناک بلے باز ثابت ہوسکتا ہے:ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 اپریل 2019 12:33

کھلاڑیوں کی سوشل میڈیا پر سرگرمیاں بعض اوقات پریشان کن ثابت ہوتی ہیں:مکی آرتھر
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اپریل 2019ء) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی سوشل میڈیا پر سرگرمیاں بعض اوقات ان کے لیے پریشان کن ثابت ہوتی ہیں۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر یاسر شاہ اپنی منظر عام پر آنی والی ویڈیو پر شرمندہ تھے جب کہ عمر اکمل کا کنسرٹ جانے واقعہ بھی مجھے میڈیا منیجر نے بتایا، یہ رویے میرے لیے پریشان کن رہتے ہیں تاہم یہی وجہ ہے کہ جو کھلاڑی ہمارے ساتھ کافی دیر سے ہیں ان کے رویہ میں فرق واضح نظر آتا ہے ۔

مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ عمر اکمل کرکٹ میں واپسی کے لیے محنت کررہا ہے لیکن بدقسمتی سے آسٹریلیا کے خلاف دورے میں بڑی اننگز نہیں کھیل سکا،آصف علی ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے اور نمبر چھ پر ایک خطرناک بلے باز ثابت ہوسکتا ہے،آصف کو ون ڈے کرکٹ میں اننگ بنانے پر کام کروارہے ہیں۔

(جاری ہے)

فاسٹ باﺅلر محمد عامر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر بڑے میچ کا باﺅلر ہے تاہم اس کی فارم اچھی نہیں تھی، اس پر چیف سلیکٹر اور سلیکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر فیصلہ کریں گے،اس دورے پر عابدعلی کی کارکردگی نے بہت متاثر کیا،ان میں رنز کرنے اور پاکستان کےلئے کھیلنے کی بھوک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا سے ہارناافسوسناک ہے تاہم یہ سیریز مختلف لحاظ سے اہم تھی،اس سیریز میں ہم نے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا،دورے میں ہمارے بلے بازوں نے 5سنچریاں بنائیں اور نوجوان فاسٹ باﺅلر بھی ملا۔ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سکواڈسے متعلق ہم بہت کلیئر ہیں، آئندہ 2روز میں سلیکشن کمیٹی کیساتھ بیٹھیں گے،فٹنس ٹیسٹ14اپریل کوہوں گے اور تمام اہم کھلاڑیوں کو فٹنس کے معیار پر پورا اترنا ہوگا کیوں کہ فٹنس پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا، وہ ہمیشہ پہلی ترجیح ہے۔
وقت اشاعت : 02/04/2019 - 12:33:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :