احسان مانی کا سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ میں تبدیلی سے انکار

تبدیلیوں کیلئے حالیہ عرصہ مناسب نہیں،ورلڈ کپ کے بعد جائزہ لیا جائےگا:چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 اپریل 2019 13:27

احسان مانی کا سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ میں تبدیلی سے انکار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2اپریل 2019ء) آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں ناکامی کے بعد اگرچہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کڑی تنقید کی زد میں ہے تاہم چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کسی بھی تبدیلی سے انکار کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی یا ٹیم انتظامیہ میں تبدیلیوں کیلئے حالیہ عرصہ مناسب نہیں کیونکہ اس حوالے سے ورلڈ کپ کے بعد کارکردگی کا جائزہ لینے پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

احسان مانی کا بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ کا مطلب محض ہیڈ کوچ نہیں بلکہ اس میں دیگر کوچز اور سپورٹ سٹاف بھی شامل ہے لہٰذا ورلڈ کپ کے بعد ہر ایک کی کارکردگی کا جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کیا جا سکے گا۔آسٹریلیا کیخلاف حالیہ سیریز کے نتائج پر فکرمندی کے حوالے سے احسان مانی کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور ہیڈ کوچ کے پاس چھ اہم کھلاڑیوں کو ریسٹ کرانے کے اعتبار سے ٹھوس وجوہات موجود ہیں کیونکہ کچھ پلیئرز انجریز کے ساتھ تھکاوٹ کا شکار تھے اور فاسٹ باﺅلر حسن علی نے خود کھیل سے وقفے کیلئے درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ شکستیں مایوسی کا باعث ہیں لیکن ٹیم کے پاس ورلڈ کپ سے قبل اپنی کارکردگی میں بہتری کیلئے مناسب مواقع موجود ہیں لہٰذا امید ہے کہ معاملات بہتر ہو جائیں گے کیونکہ وہ سلیکشن کے علاوہ ٹیم انتظامیہ کے فرائض میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرتے تاہم ورلڈ کپ کے بعد کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کی منصوبہ بندی پر مزید کام کیا جائے گا اور تب ممکن ہے کہ کسی بھی قسم کی تبدیلیوں پر غور کیا جا سکے۔ 
وقت اشاعت : 02/04/2019 - 13:27:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :