ورلڈکپ میں پاکستان کی کامیابی میں قسمت کا بڑا عمل دخل ہوگا:یونس خان

چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل فتح کا امکان نہ تھا،گرین شرٹس کی محنت سمیت تقدیر نے یاوری کی اور یادگار جیت ملی ،ورلڈکپ میں بھی ایسا ممکن :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 اپریل 2019 15:07

ورلڈکپ میں پاکستان کی کامیابی میں قسمت کا بڑا عمل دخل ہوگا:یونس خان
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اپریل 2019ء) کرکٹ ورلڈکپ2019ءمیں پاکستانی کامیابی سابق قومی کپتان یونس خان نے قسمت کے کھاتے میں ڈال دی،ان کا کہناہے کہ چیمپئنز ٹرافی2017ءمیں بھی ٹائٹل فتح کاکوئی امکان نہیں تھا،گرین شرٹس کی محنت سمیت تقدیر نے یاوری کی جس کے سبب یادگار جیت حاصل ہوئی اوراس مرتبہ بھی ایسا ہی ہو سکتا ہے۔سابق قومی کپتان اور پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان کا عالمی یوم صحت پر جناح ہسپتال کراچی میں سجائی جانےوالی ایک تقریب میں کہنا تھا کہ اگر تقدیر نے ساتھ دیا تو پاکستانی ٹیم رواں برس عالمی کپ ٹورنامنٹ میں ٹائٹل جیت سکتی ہے جس میں شامل کھلاڑی اچھے وقت میں کچھ بھی کر دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم میں بھی عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کی اہلیت موجود ہے لیکن اسے اپنی قسمت پر بھی انحصار کرنا ہوگا کیونکہ انگلینڈ میں کھیلی گئی گزشہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستانی ٹیم سے شروع میں کوئی توقع نہیں کر رہا تھا کہ یہ ٹائٹل بھی جیت سکتی ہے لیکن گرین شرٹس کی محنت اور تقدیر نے یاوری کی تو اس کے بعد جیت کی راہیں ہموار ہو گئیں اور اس مرتبہ بھی محنت اور قسمت کا ساتھ حاصل رہا تو ویسے ہی مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

یونس خان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کیلئے ابھی حتمی ٹیم کا بھی اعلان نہیں ہوا ہے لہٰذا سرفراز احمد کی قیادت کے حوالے سے باتیں نہ بنائی جائیں کیونکہ وہ پاکستانی کپتان ہیں جن کو حوصلے کی ضرورت ہے اور انہیں پوری امید ہے کہ اگر حالات سازگار رہے تو وہ اس بار کچھ کر دکھائیں گے۔سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں سرفراز احمد سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ ایک کھلاڑی اور کپتان کی حیثیت سے اپنا موثر کردار نبھانے میں کامیاب رہیں گے۔ 
وقت اشاعت : 10/04/2019 - 15:07:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :