ورلڈ کپ کے 23ممکنہ پلیئرز کو پاکستان کپ میں نہ کھلانا سنگین غلطی ہے:عمر گل

ڈومیسٹک ایونٹ میں اہم کرکٹرز کو کھلایا جاتا تو دورہ انگلینڈ سے قبل انہیں اچھی میچ پریکٹس ملتی:فاسٹ باﺅلر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 اپریل 2019 15:13

ورلڈ کپ کے 23ممکنہ پلیئرز کو پاکستان کپ میں نہ کھلانا سنگین غلطی ہے:عمر گل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اپریل 2019ء) قومی فاسٹ باﺅلر عمر گل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انوکھے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے منتخب 23 ممکنہ پلیئرز کو پاکستان کپ میں نہ کھلا کر سنگین غلطی کی گئی کیونکہ ان میں سے صرف دو کھلاڑی فیڈرل ایریاز کے کپتان محمد رضوان اور خیبر پختونخوا کی جانب سے عابد علی قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستان کپ میں سندھ کی قیادت کرنے والے عمر گل کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک ایونٹ میں اگر زیادہ تعداد میں اہم کرکٹرز کو کھلایا جاتا تو انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز اور ورلڈ کپ سے قبل انہیں اچھی میچ پریکٹس مل جاتی لیکن انہیں حیران کن طور پر آرام کا موقع دیا گیا۔قومی پیسر کا کہنا تھا کہ بطور سینئر کھلاڑی وہ آسانی سے یہ بات بتا سکتے ہیں کہ سلیکشن کمیٹی کے منتخب شدہ کھلاڑی پاکستان کپ میں کھیلتے تو انہیں اس کا بہت زیادہ فائدہ پہنچتا کیونکہ اس طرح انہیں میچ پریکٹس کے ساتھ اپنی خامیاں دور کرنے کا بھی موقع مل جاتا اور وہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کے ساتھ ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹ کیلئے اپنی تیاریاں مکمل کر لیتے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر عمر گل کا کہنا تھا کہ ان کا نام عالمی کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں لیکن وہ پاکستان کپ میں بھرپور انداز سے شرکت کرتے ہوئے عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں۔34 سالہ فاسٹ باﺅلر کا مزید کہنا تھا کہ وہ اگرچہ عالمی کپ نہیں کھیل سکیں گے لیکن انہیں پورا اطمینان ہے کہ وہ اچھی فٹنس اور بھرپور ردھم کے ساتھ مزید کچھ عرصے سرفہرست کرکٹ میں کھیل سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ستمبر2016ءمیں عمر گل نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور وہ پاکستان سپر لیگ کا گزشتہ سیزن بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
وقت اشاعت : 11/04/2019 - 15:13:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :