انضمام الحق کو ایم سی سی کی تاحیات اعزازی ممبر شپ مل گئی

جنوبی افریقی وکٹ کیپر بلے باز مارک باﺅچر کو بھی تاحیات اعزازی ممبر شپ دی گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 12 اپریل 2019 19:11

انضمام الحق کو ایم سی سی کی تاحیات اعزازی ممبر شپ مل گئی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اپریل2019ء) سابق قومی کپتان انضمام الحق اور سابق جنوبی افریقی وکٹ کیپر مارک باﺅچر کو ایم سی سی کی طرف سے تاحیات اعزازی ممبر شپ مل گئی۔کلب نے دونوں کھلاڑیوں کو یہ ممبر شپ ان کی کرکٹ کے میدان میں گرانقدر خدمات کو دیکھتے ہوئے دی ہے۔ سابق قومی کپتان انضمام الحق 120 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 25 سنچریوں کی مدد سے 49.60 کی اوسط کے ساتھ 8830 رنز بنائے۔

انہوں نے 22 نومبر1991 ءمیں لاہور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میں ڈبیو کیا اور سیمی فائنل اور فائنل مقابلوں میں اپنی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو1992 ءمیں کرکٹ کا پہلی بار عالمی چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔انضمام الحق نے اپنے کیریئر کے دوران مجموعی طور پر 378 ایک روزہ میچوں میں شرکت کی اور 11739 رنز بنائے، 2007 ءکے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا تاہم پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننے سے پہلے انہوں نے افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ ذمہ داریاں نبھائیں۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین مارک باﺅچر کو ٹیسٹ کرکٹ میں 500 کیچز پکڑنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے 147 ٹیسٹ، 295 ایک روزہ اور 25 ٹی ٹونٹی میچوں میں جنوبی افریقی ٹیم کی نمائندگی کی۔وہ ان دنوں جنوبی افریقہ میں ٹائٹنز ٹیم کے کوچ ہیں، مارک باﺅچر سے پہلے ایلن ڈونلڈ، جونٹی رہوڈز، شان پولک اور ڈیرل کلینن کو بھی ایم سی سی کی اعزازی ممبر شپ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔واضح رہے انضمام الحق سے پہلے عمران خان، وسیم اکرم، وقار یونس،عبدالرزاق اور شاہد آفریدی بھی ایم سی سی کی تاحیات اعزازی ممبر شپ کا اعزاز رکھتے ہیں۔
وقت اشاعت : 12/04/2019 - 19:11:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :