انٹر سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ رائونڈ اسلام آباد سنٹر کے میچز 16 اپریل سے شروع ہونگے

ہفتہ 13 اپریل 2019 18:58

انٹر سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ رائونڈ اسلام آباد سنٹر کے میچز 16 اپریل سے شروع ہونگے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2019ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام انٹر سٹی فٹ بال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ رائونڈ اسلام آباد سنٹر کے میچز 16 اپریل سے شروع ہونگے، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری نے بتایا کہ ایونٹ کی تیاریاں زور و شور پر ہیںاور کوالیفائنگ رائونڈ میں اسلام آباد کی تین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں اسلام آباد گرین، اسلام آباد ریڈ اور اسلام آباد بلیو شامل ہیں، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن نے اسلام آباد گرین کے ساتھ محمد زمان کو ٹیم منیجر اور کامران ملک کو کوچ مقرر کیا ہے، اسلام آباد ریڈ کے ساتھ رانا تنویراحمد ٹیم منیجر اور جہانزیب کوچ جبکہ اسلام آباد بلیو کے ساتھ سید ذاکر حسین نقوی منیجر اورناصر جمیل کوچ ہونگے، انہوں نے کہا کہ ان ٹیموں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد کے مختلف گرائونڈز میں جاری ہے اسلام آباد گرین کا تربیتی کیمپ مہران فٹ بال گرائونڈ کراچی کمپنی ، اسلام آباد ریڈ کا روور فٹ بال گرائونڈ جی نائن تھری گرین ایریا اور اسلام آباد بلیو کا ٹی اینڈ ٹی گرائونڈ میں تربیتی کیمپ جاری ہے، سید شرافت حسین بخاری نے کہا کہ ان ٹیموں کا کھلاڑیوں کا انتخاب تین روز ٹرائلز کے بعد کیا گیا تھا اور فائنل ٹیموں کے کھلاڑیوں کا اعلان 15 اپریل کو کیا جائے گا، سلیکشن کمیٹی میں چیئرمین محمد زمان جبکہ ممبران میں سید ذاکر نقوی، محمد یامین اور راجہ مسعود شامل تھے۔

وقت اشاعت : 13/04/2019 - 18:58:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :