دورہ انگلینڈ اورورلڈ کپ کیلئے قومی کرکٹرز کے دو روزہ آفیشل فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع

یاسر شاہ، عابد علی، محمد حسنین اور عماد وسیم یویو ٹیسٹ میں مطلوبہ فٹنس لیول تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے

پیر 15 اپریل 2019 18:52

دورہ انگلینڈ اورورلڈ کپ کیلئے قومی کرکٹرز کے دو روزہ آفیشل فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع
لاہوراُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) دورہ انگلینڈ اورورلڈ کپ کیلئے قومی کرکٹرز کے دو روزہ آفیشل فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سوموار کے روز شروع ہوگئے جو آج منگل کو ختم ہوں گے، کوچنگ سٹاف اور میڈیکل پینل کی زیر نگرانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لئے جا رہے ہیں ، ایک روز پہلے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے والے سرفراز احمد سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ابتدائی مشاورت کے بعد شام کو کراچی پہنچ رہے ہیں، جنید خان،شعیب ملک، حسن علی، حسنین،، یاسر شاہ، محمد عابد، رضوان،فخر زمان، محمد حفیظ، شان مسعود، عماد وسیم کا یویو ٹیسٹ ہوا ہے، ذرائع کے مطابق چار کھلاڑی یاسر شاہ، عابد علی، محمد حسنین اور عماد وسیم یویو ٹیسٹ میں مطلوبہ فٹنس لیول تک نہیں پہنچ پائے، محمد حفیظ سمیت دوسرے تمام کرکٹرز یویو ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب رہے ہیں،محمد نواز ،سرفراز احمد اور محمد عامر نے پہلے ہی فٹنس ٹیسٹ دیدیا تھا، محمد نواز کو پیٹرن ٹرافی گریڈ ٹو کا میچ کھیلنا تھا اس لیے ان کے ڈیپارٹمنٹ کی درخواست پر ان کا فٹنس ٹیسٹ 13 اپریل کو لیا گیا،ورلڈ کپ کے لیے 23 کھلاڑیوں میں سے مکمل طور پر فٹ 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جو 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے ایونٹ کا حصہ ہوں گے، پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے ممکنہ کھلاڑی 16 اور 17 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کریں گے ،ورلڈ کپ کیلئے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان 18اپریل کو کیا جائے گا تاہم اسکواڈ کے ساتھ دو ریزرو کھلاڑی بھی ہوں گے،ورلڈ کپ اسکواڈ کی ٹریننگ 20اور 21اپریل کو بھی ہوگی اور کھلاڑی 21اپریل کو اور کپتان سرفراز 22اپریل کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ پریس کانفرنس کریں گے ،فٹنس ٹیسٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوںمیں سرفراز احمد (کپتان) عابد علی ،آصف علی، بابر اعظم ،فہیم اشرف ،فخر زمان ،حارث سہیل ،حسن علی ،عماد وسیم ،امام الحق ،جنید خان ،محمد عباس ۔

(جاری ہے)

محمد عامر ،محمد حفیظ ،محمد حسین ،محمد نواز ،محمد رضوان ،شاداب خان ،شاہین شاہ آفریدی ،شان مسعود ،شعیب ملک ،عثمان شنواری اور یاسر شاہ وغیرہ شامل ہیں ، انگلینڈ میں 30مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لینے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی تاکہ ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑی انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوسکیں ،پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ کیلئے 23اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی ،ٹیم دورہ کے دوران پانچ ون ڈے میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جبکہ دو ففٹی اوور اور ایک ٹونٹی اوور کا پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا ،قومی ٹیم کا پہلا پریکٹس ون ڈے میچ کینٹ کی ٹیم کے خلاف 27اپریل کو، دوسرا نارتھمٹن شائر کے خلاف 29اپریل کو ہوگا جبکہ لیسیٹر اسکوائر کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچ یکم مئی کو ہوگا، انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف دورہ کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5مئی کو کارڈیف میں ہوگا ، پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ 8مئی کو اوول گرائونڈ میں ،دوسرا میچ 11مئی کو ہیمشائر کرکٹ گرائونڈ میں تیسرا ون ڈے میچ 14مئی کو برسٹل گرائونڈ میں چوتھا ون ڈے میچ 17مئی کو ٹرینٹ برج میں اور پانچواں ون ڈے میچ 19مئی کو لیڈز کرکٹ گرائونڈ میں ہوگا ۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 30مئی سے 14جولائی تک انگلینڈ میں منعقد ہوگا ، پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 16جون کو اولڈ ٹریفرڈ میں ٹکرائیں گی ،ورلڈ کپ میں اپنے افتتاحی میچ سے قبل قومی ٹیم افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گی ،افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ 24مئی کو برسٹل میں منعقد ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف 26مئی کو کارڈیف میں وارم اپ میچ ہوگا ،31مئی کو قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی ،دوسرا میچ 3جون کو انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج میں ہوگا ،تیسرا میچ 7جون کو سری لنکا کے خلاف برسٹل میں ہوگا ،چوتھا میچ 12جون کو آسٹریلیا کے خلاف ٹائونٹن میں ہوگا ،پانچواں میچ 16جون کو بھارت کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلا جائے گا ،چھٹا میچ 23جون کو سائوتھ افریقہ کے خلاف لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں ہوگا، ساتواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 26جون کو ایجباسٹن میں منعقد ہوگا ،آٹھواں میچ 29جو ن کو افغانستا ن کے خلاف ہیڈنگلے میں ہوگا جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز کرکٹ گرائونڈ میں پانچ جولائی کو ہوگا۔

وقت اشاعت : 15/04/2019 - 18:52:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :