یو یو ٹیسٹ ، محمدرضوان پہلے مرحلے میں سپرفٹ کھلاڑی

عماد وسیم، محمد حسنین اور یاسرشاہ ٹیسٹ میں مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکے،عماد وسیم کو ایک اور موقع ملے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اپریل 2019 11:54

یو یو ٹیسٹ ، محمدرضوان پہلے مرحلے میں سپرفٹ کھلاڑی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16اپریل2019ء) عالمی کپ 2019 ءکیلئے قومی کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ہیں جہاں یو یو ٹیسٹ کا پہلامرحلہ مکمل ہو گیا ،وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 20 پوائنٹس لے کر سپر فٹ کھلاڑی رہے۔شان مسعود،حسن علی اور محمد حفیظ بھی کامیاب ہو گئے تاہم عابد علی ،محمد حسنین اور یاسر شاہ مطلوبہ ہدف کے حصول میں ناکام رہے ، بیپ ٹیسٹ اور دو کلومیٹر دوڑ سمیت دیگر مراحل کی آج تکمیل کی جائےگی۔

ذرائع کے مطابق جو کھلاڑی یویو ٹیسٹ میں مشکلات کا شکار رہے انہیں ایک موقع مزید بھی مل سکتا ہے جن میں آل راو¿نڈر عماد وسیم بھی شامل ہیں۔یویو ٹیسٹ کے بعد آج بیپ ٹیسٹ اور دو کلومیٹرز ریس سمیت دیگر مراحل کی بھی تکمیل کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مقامی کوچز کو کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لینے سے روک دیا ہے اور اب ٹیم انتظامیہ کا کوچنگ سٹاف ہی مختلف ٹیسٹ اور آزمائشوں کی نگرانی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کےلئے 23 کھلاڑیوں میں سے مکمل طور پر فٹ 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جو 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونےوالے ایونٹ کا حصہ ہوں گے، پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے ممکنہ کھلاڑی قذافی سٹیڈیم میں لگنے والے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کریں گے ،ورلڈ کپ کیلئے پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان 18اپریل کو کیا جائے گا تاہم سکواڈ کے ساتھ دو ریزرو کھلاڑی بھی ہوں گے،ورلڈ کپ سکواڈ کی ٹریننگ 20اور 21اپریل کو بھی ہوگی اور کھلاڑی 21اپریل کو اور کپتان سرفراز 22اپریل کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کےساتھ پریس کانفرنس کریں گے ،فٹنس ٹیسٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوںمیں سرفراز احمد (کپتان) عابد علی ،آصف علی، بابر اعظم ،فہیم اشرف ،فخر زمان ،حارث سہیل ،حسن علی ،عماد وسیم ،امام الحق ،جنید خان ،محمد عباس۔

محمد عامر ،محمد حفیظ ،محمد حسین ،محمد نواز ،محمد رضوان ،شاداب خان ،شاہین شاہ آفریدی ،شان مسعود ،شعیب ملک ،عثمان شنواری اور یاسر شاہ وغیرہ شامل ہیں ، انگلینڈ میں 30مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں حصہ لینے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کےخلاف سیریز کھیلے گی تاکہ ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑی انگلینڈ کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوسکیں ،پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ کیلئے 23اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی ،ٹیم دورہ کے دوران پانچ ون ڈے میچز اور ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی جبکہ دو ففٹی اوور اور ایک ٹونٹی اوور کا پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا ،قومی ٹیم کا پہلا پریکٹس ون ڈے میچ کینٹ کی ٹیم کےخلاف 27اپریل کو، دوسرا نارتھمپٹن شائر کےخلاف 29اپریل کو ہوگا جبکہ لیسٹر سکوائر کی ٹیم کےخلاف ٹی ٹونٹی پریکٹس میچ یکم مئی کو ہوگا، انگلینڈ کی ٹیم کےخلاف دورہ کا واحد ٹی ٹونٹی 5مئی کو کارڈیف میں ہوگا ، پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ 8مئی کو اوول گراﺅنڈ میں ،دوسرا میچ 11مئی کو ہیمپشائر کرکٹ گراﺅنڈ میں، تیسرا ون ڈے 14مئی کو برسٹل گراﺅنڈ میں، چوتھا ون ڈے 17مئی کو ٹرینٹ برج اور پانچواں ون ڈے 19مئی کو لیڈز گراﺅنڈ میں ہوگا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 30مئی سے 14جولائی تک انگلینڈ میں منعقد ہوگا ، پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں 16جون کو اولڈ ٹریفرڈ میں ٹکرائیں گی ،ورلڈ کپ میں اپنے افتتاحی میچ سے قبل قومی ٹیم افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گی ،افغانستان کےخلاف وارم اپ میچ 24مئی کو برسٹل میں منعقد ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کےخلاف 26مئی کو کارڈیف میں وارم اپ میچ ہوگا ،31مئی کو قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کےخلاف ٹرینٹ برج میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی ،دوسرا میچ 3جون کو انگلینڈ کےخلاف ٹرینٹ برج میں ہوگا ،تیسرا میچ 7جون کو سری لنکا کےخلاف برسٹل میں ہوگا ،چوتھا میچ 12جون کو آسٹریلیا کےخلاف ٹانٹن میں ہوگا ،پانچواں میچ 16جون کو بھارت کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلا جائےگا ،چھٹا میچ 23جون کو ساﺅتھ افریقہ کےخلاف لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ میں ہوگا، ساتواں میچ نیوزی لینڈ کےخلاف 26جون کو ایجبیسٹن میں منعقد ہوگا ،آٹھواں میچ 29جو ن کو افغانستا ن کےخلاف ہیڈنگلے میں ہوگا جبکہ نواں میچ بنگلہ دیش کےخلاف لارڈز کرکٹ گراﺅنڈ میں5 جولائی کو ہوگا۔


وقت اشاعت : 16/04/2019 - 11:54:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :