دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے پندرہ رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیم سے ڈراپ کرکے ان کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے‘

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے دو اضافی کھلاڑی محمد عامر اور آصف علی بھی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ جائیں گے،انضما م الحق

جمعرات 18 اپریل 2019 21:51

دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے پندرہ رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیم سے ڈراپ کرکے ان کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے‘
لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) چیف سلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے پندرہ رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا۔ فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیم سے ڈراپ کرکے ان کی جگہ جنید خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تاہم انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے دو اضافی کھلاڑی محمد عامر اور آصف علی بھی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر محمد عامر نے اچھی پرفارمنس دکھائی تو اسے ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کرنے کا موقع مل سکتا ہے ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے انضمام الحق نے بتایا کہ اعلان کردہ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد ،عابد علی ،بابر اعظم ،فہیم اشرف ،فخر زمان ،حارث سہیل ،حسن علی ،عماد وسیم ،امام الحق ،جنید خان ،محمد حفیظ ،محمد حسنین ،شاداب خان ،شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے لئے دو اضافی کھلاڑ ی محمد عامر اور آصف علی بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ کی ٹیم میں شمولیت کو ان کی فٹنس سے مشروط رکھا گیا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ مکمل طور پر پاس نہیں کرسکے لیکن ٹیم کے بہترین کمبی نیشن کی وجہ سے انہیں تھوڑی سے رعایت دی گئی ہے ۔محمد رضوان کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کے حوالے سے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی کارکردگی اچھی رہی ہے لیکن کپتان سرفراز احمد کئی سالوں سے اچھی پرفارمنس دکھارہے ہیں اور انہیں تو ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا جاسکتا تاہم رضوان ان کے متبادل وکٹ کیپر بلے باز ہیں فاسٹ بولر حسنین کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق نے کہا کہ محمد حسنین 150 کی رفتار سے گیند کرتا ہے اور اسی وجہ سے اسے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور وہ ٹیموں کو سرپرائز دے سکتا ہے۔

محمد عامر کے حوالے سے چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عامر بہت تجربہ کار بولر ہے لیکن بدقسمتی سے عامر کافی عرصے سے پرفارم نہیں کر پا رہا، اسی وجہ سے ہم نے محمد عامر کو انگلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل کیا ہے، اللہ کرے کہ وہ فارم میں آ جائے جس طرح اس نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کی ابتدائی وکٹیں گرائی تھیں۔انہوں نے کہاکہ شعیب ملک پانچ چھ سال سے اچھی پرفارمنس دکھا رہا ہے اور ٹیم میں شمولیت کا حق دار ہے ۔

انضمام الحق نے کہاکہ پندرہ کھلاڑیوں میں سے گیارہ کھلاڑیوںکو کھلانا کپتان اور کوچ کی صوابدید ہے تاہم میں بھی انہیں مشورہ دے سکتا ہوں۔ محمد آصف کے حوالے سے انضمام الحق نے بتایا کہ ہمیں مڈل آرڈر میں کوئی ایسا بلے باز چاہیے جو تیزی سے رن کر سکے، ہم نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمر اکمل کو موقع دیا تھا لیکن وہ کلک نہ کر سکے، اب ہم آصف کو موقع دے رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ آصف چل جائے ۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں 22 مئی تک ورلڈ کپ کے اعلان کردہ کھلاڑی بدل سکتی ہیں ۔انضمام الحق نے کہا کہ انہیں موجودہ اسکواڈ سے پوری امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیت سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ پانچ ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں اور 92کی فاتح قومی ٹیم کا بھی حصہ تھے ،میرے پہلے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم ورلڈ کپ جیتی جبکہ بطور چیف سلیکٹر پہلی بار قومی ورلڈ کپ ٹیم کا اعلان کررہا ہوں اور امید ہے کہ یہ ٹیم بھی ورلڈ کپ جیتے گی ۔

انضمام الحق نے کہاکہ ورلڈ کپ جیتنے کے لئے سخت محنت کرنا پڑے گی ۔انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈ کپ فارمیٹ 92کے ورلڈ کپ جیسا ہے اور ٹیموں کو کئی میچ ہارنے کے باوجود بھی دوبارہ جیت کی دوڑ میں شامل ہونے کا موقع ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ مقابلہ سخت ہوگا ۔پوری دنیا کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔امید ہے کہ ٹیم بھارت کے خلاف بھی جیتے گی ۔انضمام الحق نے کہاکہ قومی ٹیم میرٹ پر سلیکٹ کی گئی ہے اور انشاء اللہ اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔
وقت اشاعت : 18/04/2019 - 21:51:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :