پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ معطل ، بورڈ آف گورننس اور کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے

جمعہ 19 اپریل 2019 00:00

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) پی سی بی نے اپنے بورڈ آف گورنرز کے ایک رکن کی شکایت پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ پر پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کردیا۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والے گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ کے خلاف پی سی بی گورننگ بورڈ کے ایک رکن کی طرف سے درخواست موصول ہوئی جس میں نعمان بٹ پر پی سی بی کی حساس دستاویزات صحافیوں سے شیئر کرنے اور پی سی بی چیئرمین کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

شکایت گزار کی جانب سے نعمان بٹ پر پی سی بی آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی کا بھی الزام عائد کیا گیا۔ جس کے بعد پی سی بی کے قوائد کے مطابق نعمان بٹ کا معاملہ پی سی بی کے آزادانہ ایڈوجیوکیٹر کو بھجوادیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نعمان بٹ اب بورڈ آف گورنرز اور کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔نعمان بٹ کو پی سی بی قوانین کے مطابق پریس کانفرنس نہیں کرنی چاہئے تھی علاوہ ازیں اس ضمن میں ایک ماہر قانون کا کہنا ہے کہ انکوائری کے بغیر کسی رکن کی معطلی آئین کے خلاف ہے اور اسے عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے ، واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اکثریتی اراکین نے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) وسیم خان اور نئے مجوزہ ڈومیسٹک اسٹرکچر کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری تک اجلاس میں بیٹھنے سے انکار کردیا تھا۔

جبکہ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھاکہ کورم پورا نہ ہونے کے سبب اجلاس کو ملتوی کردیا گیاتھا ۔
وقت اشاعت : 19/04/2019 - 00:00:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :