انضمام الحق ورلڈکپ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرنے سے کترا گئے

جہاں تک ذمہ داری قبول کرنے کی بات ہے تو میں قبول نہ بھی کروں تو آپ مجھ پر ڈال ہی دیں گے: چیف سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اپریل 2019 14:22

انضمام الحق ورلڈکپ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرنے سے کترا گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اپریل2019ء) انضمام الحق ورلڈکپ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرنے کا سوال گول کرگئے۔ورلڈکپ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرنے کے سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ ہمیشہ اچھے کی امید رکھنا چاہیے،اچھا ہو گاکہ آپ کہیں سلیکٹرز نے بہتر ٹیم بنائی، کوچ اور کپتان نے میدان میں اس کو اچھے انداز میں کھلایا، باقی جہاں تک ذمہ داری قبول کرنے کی بات ہے تو میں قبول نہ بھی کروں تو آپ مجھ پر ڈال ہی دیں گے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ معاہدہ 29اپریل کو ختم ہونے کی بات ہورہی ہے، فی الحال تو ورلڈکپ پر توجہ مرکوز رکھیں،اگلی باتیں بعد میں دیکھتے رہیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 ءکے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عماد وسیم، فخرزمان، امام الحق، عابد علی، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین ہیں تاہم محمد حفیظ کی ورلڈکپ سکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔

(جاری ہے)

چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا اور ہمارے پاس 22مئی تک موقع ہے کہ ہم ورلڈکپ سکواڈ میں تبدیلی کرسکتے ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
وقت اشاعت : 19/04/2019 - 14:22:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :