اسد عمر کیا ، عمران خان نے تو اپنے آئیڈل ماجد خان کو ٹیم سے نکال دیا تھا

ماجد خان کو ڈراپ کرنا میری کپتانی کے دورکا مشکل ترین فیصلہ تھا:عمران خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اپریل 2019 15:19

اسد عمر کیا ، عمران خان نے تو اپنے آئیڈل ماجد خان کو ٹیم سے نکال دیا تھا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2019ء) گذشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنی وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا جس کے بعد ملک کے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے موجودہ حکومت کو وزیر خزانہ کے استعفے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ لیکن حال ہی میں وزیراعظم عمران خان کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہوں نے کارکردگی کی بنیاد پر اپنے فرسٹ کزن اور آئیڈیل ماجد خان کو بھی ٹیم سے نکال دیا تھا ۔

ایک انٹرویو کے دوران سابق برطانوی کپتان مائیکل ایتھرٹن نے عمران خان سے سوال کیا کہ آپ نے کپتان بنتے ہی سب سے پہلا فیصلہ یہ کیا کہ اپنے فرسٹ کزن ماجد خان کو ٹیم سے نکال دیا ،آپ شاید ٹیم کو یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ آپ جو کوئی بھی ہوں لیکن پاکستان کے لیے کھیلنے کے لیے آپ کی پرفارمنس دیکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی بھی ٹیم اس وقت تک اپنے کپتان پر بھروسا نہیں کرتی جب تک اسے یقین نہ ہو کہ وہ پسند نا پسند ایک طرف رکھتے ہوئے صرف میرٹ پر ٹیم سلیکشن کرے گا،ان کا مزید کہنا تھا کہ ماجد خان کو ڈراپ کرنا انتہائی مشکل فیصلہ تھا کیوں کہ وہ صرف میرے کزن یا بڑے بھائی کی طرح ہی نہیں تھے بلکہ میرے ہیرو بھی تھے،میں جب ٹیم میں آیا تو خود سے زیادہ ماجد خان کے آﺅٹ ہونے کی تکلیف ہوتی تھی،انہیں ڈراپ کرنامیر ی کپتانی کے10سالوں کا مشکل ترین فیصلہ تھا ۔

عمران خان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ایک مرتبہ پھر سے وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کا کہنا ہے کہ کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر عمران خان نے تو اپنے بڑے بھائی جیسے کزن ماجد خان کو بھی ٹیم سے باہر نکال دیا تھا تو پھر وہ کسی وزیر کو کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز وفاقی کابینہ میں کافی اکھاڑ پچھاڑ کی جبکہ کئی وزراءکے قلمدان بھی تبدیل کر دیئے گئے تھے۔
وقت اشاعت : 19/04/2019 - 15:19:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :