شاہد آفریدی نے عالمی کپ کیلئے منتخب کردہ ٹیم پر اعتراض اٹھا دیا

عالمی کپ کیلئے اچھی ٹیم منتخب کی گئی ہے، تاہم میری ٹیم میں محمد عامر اور وہاب ریاض ضرور ہوتے: آل راونڈر

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 اپریل 2019 21:52

شاہد آفریدی نے عالمی کپ کیلئے منتخب کردہ ٹیم پر اعتراض اٹھا دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2019ء) شاہد آفریدی نے عالمی کپ کیلئے منتخب کردہ ٹیم پر اعتراض اٹھا دیا، آل راونڈر کا کہنا ہے کہ عالمی کپ کیلئے اچھی ٹیم منتخب کی گئی ہے، تاہم میری ٹیم میں محمد عامر اور وہاب ریاض ضرور ہوتے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کی جانب سے عالمی کپ 2019 کیلئے منتخب کردہ قومی ٹیم کے حوالے سے ردعمل دیا گیا ہے۔

شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے عالمی کپ کیلئے ایک اچھی ٹیم منتخب کی ہے، تاہم اس ٹیم میں وہاب ریاض اور محمد عامر جیسے فاسٹ باولر کی کمی ہے۔ شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ اگر وہ کپتان ہوتے تو ان کی ٹیم میں وہاب ریاض جیسا تیز گیند باز ضرور ہوتا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 ء کے لئے سرفراز احمد کی قیادت میں 15رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کر کے قومی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ورلڈکپ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر عاظم، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فحیم اشرف، شاہین آفریدی، جنید خان، محمد حسنین، حارث سہیل اور محمد حفیظ شامل ہیں۔

تاہم محمد حفیظ کی شمولیت ان کے فٹنس ٹیسٹ کلئیر کرنے پر مبنی ہے۔پاکستان کے سٹار بالر محمد عامر کو سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے دورے کے لیے دو اضافی کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جن میں محمد عامر اور آصف علی شامل ہیں،یہ دونوں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے اور اس سیریز میں ان کی کارکردگی کو دیکھنے کے بعد ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا،ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ کے انتخاب کی آخری تاریخ 23مئی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کا باقاعدہ آغاز 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ سے ہوگا۔ورلڈ کپ کے لیے اب تک پاکستان،نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بھارت، بنگلادیش ،جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی جانب سے ٹیموں کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ پاکستان اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ سے کرے گا۔
وقت اشاعت : 19/04/2019 - 21:52:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :