بطور کپتان میری خواہش ہے کہ عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں اور ملک کا نام روشن کروں، سرفراز احمد

دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ قومی کرکٹ ٹیم پر مکمل اعتماد ہے، ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، ہیڈ کوچ / کپتان

پیر 22 اپریل 2019 17:18

بطور کپتان میری خواہش ہے کہ عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں اور ملک کا نام روشن کروں، سرفراز احمد
لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے اعلان کردہ قومی کرکٹ ٹیم پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔ یہاںقذافی سٹیڈیم لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کپتان سرفراز اور کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے ،تمام کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے اور دورہ کے لیے ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔

ورلڈکپ میں تمام ٹیمیں تیاریاں کرکے آئی ہیں تاہم پاکستان ٹیم بھی متوازن ہے اور ٹیم کے ہر شعبہ میں باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں جو کسی بھی وقت کھیل کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑی بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان نے پوری ٹیم کو وزیر اعظم ہائوس بلا کر بہت عزت دی ہے جس پر ہم سب ان کے مشکور ہیں ۔

وزیر اعظم کے مدعو کرنے سے ٹیم کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان کا مورال بلند ہوا ہے ۔وزیر اعظم نے ٹیم کو بھر پور سپورٹ کیا اور کہا کہ رزلٹ جو بھی ہو ہار جیت کا خوف نکال کردلیری سے کھیلو ،ہم آپ کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔ سرفراز احمد نے کہاکہ بطور کپتان میری بھی خواہش ہے کہ عمران خان کی طرح ورلڈ کپ جیتوں اور ملک کا نام روشن کروں ۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہماری تیاری مکمل ہے اور دورہ انگلینڈ کے دوران ورلڈ کپ کی تیاری کا مزید موقع ملے گا، میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ورلڈ کپ کیلئے ہر کھلاڑی گرائونڈ میں 100فیصد پرفارمنس دکھانے کی پوری کوشش کریگا ،انہوں نے کہاکہ امام الحق اور فخر زمان ٹیم کی اوپننگ کے لیے موجود ہوں گے اور امید ہے کہ اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دیں گے ، عابد علی کی صورت میں ہمارے پاس اوپننگ کا تیسرا آپشن موجود ہے، سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ دونوں بہترین اور تجربہ کا ر کھلاڑی ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ورلڈ کپ میں کسی ایک کھلاڑی کو ٹرمپ کارڈ نہیں کہہ سکتا بلکہ ہماری ٹیم کا ہر کھلاڑی ٹرمپ کارڈثابت ہوگا ۔ایک سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کی فٹنس میں معمولی سا مسئلہ تھا لیکن انہوں نے اپنی فٹنس کو کافی بہتر بنالیا ہے، انہوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف بہترین بیٹنگ کی ہے، کیمپ کے دوران بھی بہت اچھی بیٹنگ کی ہے وہ ٹیم کے کمبی نیشن کا حصہ ہیں اسلئے انہیں فٹنس میں تھوڑی سی رعایت دی گئی ہے اور امید ہے کہ ورلڈ کپ میں وہ بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

فہیم اشرف کی بائولنگ میں کافی بہتری آئی ہے اور ان کی بیٹنگ مزید اچھی ہوسکتی ہے ۔ پاک بھارت میچ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے بھارت کا ہی نہیں بلکہ ورلڈ کپ کا ہر میچ اہم ہے اور ہر میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ پاک بھارت میچ اہم ہوتا ہے اور پوری قوم کی کوشش ہوتی ہے کہ ہم بھارت کے خلاف جیتیں، ہمارا ہدف یہ ہوگا کہ افغانستان سمیت دیگر ٹیموں کے خلاف بھی بھارت کی طرح کھیل پیش کرکے فتح حاصل کریں، محمد حسنین باصلاحیت کھلاڑی ہے اور اس کی بائولنگ کی سپیڈ ڈیڑھ سو پلس ہے۔

وہ سرپرائز پیکچ ہوسکتا ہے ۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کی بائولنگ اور فٹنس پر بہت کام کیا گیا ہے اور امید ہے کہ ورلڈ کپ میں وہ اہم رول ادا کریں گے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ محمد عامر کے پاس ابھی ورلڈ کپ میں شامل ہونے کا موقع موجود ہے اگر وہ انگلینڈ میں اچھی پرفارمنس کامظاہرہ کرجاتا ہے تو اس کیلئے ورلڈ کپ میں میں شمولیت کا چانس ہے ، انہوں نے کہاکہ فاسٹ بائولر حسن علی اور شاہین بھی اچھی فارم میں ہیں جبکہ جنید خان بھی بہترین بائولنگ کررہے ہیں ۔

انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ٹیم کی سلیکشن میں ان سے مشاورت نہیں لی گئی ۔سرفراز احمد نے کہاکہ ٹیم کی سلیکشن مشاورت سے ہوئی ہے ۔ٹیم کیلئے بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل ہوگا ۔میں پہلے پانچ نمبر ز پر بیٹنگ کروں گا اور شعیب ملک نمبر چھ پر کھیلیں گے ۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریاں مکمل ہے اور ہماری ٹیم متوازن اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔

مجھے ان سے اچھی پرفارمنس کی توقع ہے ۔ورلڈ کپ میں بہت اچھی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی اور ہم نے ان کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری تیاری کی ہے ۔مکی آرتھر نے کہا کہ ہر ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی نیت سے ورلڈ کپ کھیلنے آئے گی ۔ہمارا پہلا ٹارگٹ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنا ہے لیکن اس کیلئے ہمیں بہت اچھا کھیلنا ہوگا،انہوں نے کہاکہ شاداب کا دورہ انگلینڈ سے ڈراپ ہونے سے مایوسی ہوئی ہے تاہم ورلڈکپ میں کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کیا جاسکتا، 15 کھلاڑیوں کا اسکواڈ ہے اور ہر کھلاڑی کا ٹیم کی جیت میں کردار ہوتا ہے۔

شاداب خان کا ٹیم میں آل راؤنڈر کا کردار ، یاسر شاہ نے تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں یہ نہیں بھولنا چاہیے ۔مکی آرتھر نے کہا کہ ورلڈکپ میں بائولرز کے لیے کنڈیشنز اچھی ہوئی تو بہتر کارکردگی دیں گے،انہوں نے کہاکہ شعیب ملک اور محمد حفیظ سینئر کھلاڑی ہیں اور مجھے ان کی پرفارمنس پر بہت یقین ہے ، بابر اعظم کا ٹیم میں خاص کردار ہے، وہ بہت با صلاحیت ہے، اگر سنچری بناتا ہے تو پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ عثمان شنواری کی پرفارمنس اچھی رہی ہے، شاہین شاہ آفریدی میں بھی بہت ٹیلنٹ ہے، فہیم اشرف میں بہت بہتری آ رہی ہے اور عماد وسیم بھی بہت محنت کر رہا ہے، ہم نے فٹنس پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔عماد وسیم کی فٹنس کا فی بہتر ہے جبکہ ابتداء میں نئے کھلاڑیوں عابد علی اور محمد حسنین کو یو یو ٹیسٹ کے بارے میں زیادہ اندازہ نہیں تھا لیکن انہوں نے وہ ٹیسٹ پاس کئے ہیں ۔

مکی آرتھر نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے اور ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف سیریز سے بہت مدد ملے گی ۔مکی آرتھر نے کہا کہ بطور کوچ میرا یہ آخری ورلڈ کپ ہے کہ نہیں اس کے بارے میں پی سی بی ہی بتاسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں ٹیم کی اچھی تیاری،بہترین منصوبہ بندی ،ڈریسنگ روم میں اچھے ماحول کی گارنٹی دے سکتا ہوں ،میں نے اپنا کام بھرپور طریقہ سے سر انجام دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ شعیب ملک اور محمد حفیظ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اچھی اسپن بائولنگ بھی کرسکتے ہیں اور ورلڈ کپ میں ان کی بائولنگ سے فائدہ اٹھائیں گے ۔مکی آرتھر نے کہا کہ محمد عامر نے اگر انگلینڈ کیخلاف سریز میں اچھی پرفارمنس دی تو ورلڈ کپ میں ان کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 22/04/2019 - 17:18:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :