محمد حفیظ کو اوپننگ پوزیشن کی یاد ستانے لگی

میں ایک اوپننگ بلے باز ہوں اور بحیثیت اوپنر ہی کھیلنا چاہتا ہوں:آل راﺅنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 اپریل 2019 14:50

محمد حفیظ کو اوپننگ پوزیشن کی یاد ستانے لگی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23اپریل2019ء) محمد حفیظ کو قومی ٹیم کے اوپننگ پوزیشن چھوڑے دو سال سے زیادہ کا عرصہ ہوچکاہے اور بابر اعظم کے نمبر تین پوزیشن سنبھالنے کے بعد اب وہ چوتھی پوزیشن پر کھیل رہے ہیں۔جنوری 2017ءکے دورہ آسٹریلیا کے بعد محمد حفیظ اب تک چوتھی سے ساتویں پوزیشن پر بلے بازی کرتے ہوئے37کی اوسط سے رنز سکور کرچکے ہیں جو ان کی مجموعی بیٹنگ اوسط سے 4رنز زیادہ ہے،انہوں نے یہ رنز86کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں جو ان کے کیریئر سٹرائیک ریٹ سے10رنز زیادہ ہیں۔

ایک انٹر ویو کے دوران محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ میں ایک اوپنر ہوں اور بحیثیت اوپنر ہی کھیلنا چاہتا ہوں،موجودہ ٹیم مینجمنٹ نے مجھ سے چوتھے نمبر پر کھیلنے کا کہا ہے کیوں کہ اس وقت ہمار ے پاس جو اوپنرز ہیں وہ بہت اچھا کھیل رہے ہیں اور سیٹ ہوگئے ہیں،میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں اور ہر اس نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں جو ٹیم مینجمنٹ مجھ سے چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

38سالہ محمد حفیظ نے چیمپئنز ٹرافی2017ءکے فائنل میں پانچویں نمبر پر بھارت کے خلاف37گیندوں پر57رنز کی شاندار ناقابل شکست باری کھیلی تھی اور پھر جنوبی افریقہ کےخلاف پورٹ ایلزبتھ میں جنوبی افریقہ کے خلاف266رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھی پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے 63گیندوں پر71رنز بنا کر قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔محمد حفیظ کاکہنا تھا کہ وہ صرف ایک ہی طریقے پر کھیلنے والے بلے باز نہیں او ر ٹیم مینجمنٹ جس طرح سے چاہتے ہیں وہ اسی طرح کا رول نبھانے کے لیے تیار ہیں ۔
وقت اشاعت : 23/04/2019 - 14:50:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :