سومیا سرکار اور لٹن داس کے پاس ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا بہترین موقع ہے، تمیم اقبال

بدھ 24 اپریل 2019 23:47

ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) بنگلہ دیشی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال نے کہا ہے کہ سومیا سرکار اور لٹن داس کے پاس ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے، امید ہے کہ دونوں بلے باز ایونٹ میں عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سومیا اور لٹن دونوں باصلاحیت ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں لیکن دونوں کی کارکردگی میں مستقل مزاجی نہیں اور یہی وجہ ہے کہ دونوں مستقل طور پر ٹیم کے رکن نہیں۔

(جاری ہے)

تمیم اقبال نے اپنے بیان میں کہا کہ سومیا سرکار کا لسٹ اے میچ میں ڈبل سنچری بنانا بڑا کارنامہ ہے، ون ڈے میچ میں ڈبل سنچری بنانا آسان نہیں ہوتا لیکن سومیا نے 200 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے، انہوں نے دکھایا ہے کہ وہ بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ اس اننگز سے ان کا اعتماد بڑھا ہو گا اور اب وہ ورلڈ کپ میں بھی ایسی اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابیاں دلانے کیلئے بے تاب ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ سومیا اور لٹن نے مزید 10 سے 15 سال تک بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنی ہے اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ یہ دونوں بلے بازوں کیلئے پر فارم کرنے کا بہترین موقع ہے اور انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وقت اشاعت : 24/04/2019 - 23:47:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :