محمد عامر تجربہ کار کھلاڑی ہیں , ان کی وکٹ نہ لینے کی صورت میں ٹیم کو مشکل پیش آئے گی، محمد عامر انگلینڈ کے خلاف کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ ٹیم میں آسکتے ہیں،چیف سلیکٹر انضمام الحق

جمعرات 25 اپریل 2019 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ محمد عامر تجربہ کار کھلاڑی ہیں لیکن اگر وہ وکٹ نہیں لیں گے تو ٹیم کو مشکل پیش آئے گی، محمد عامر انگلینڈ کے خلاف کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ ٹیم میں آسکتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ صرف تجربے کی بنیادپر کسی کھلاڑی کو ٹیم میں نہیں رکھا جاسکتا، محمد عامر انگلینڈ کے خلاف پرفارم کرکے عالمی کپ کھیلنے والی قومی ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے عالمی کپ کھیلنا خوش قسمتی کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 5 ورلڈ کپ کھیلے لیکن پہلے ورلڈ کپ کی خوشی کچھ الگ ہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کا دبائو ہوتا ہے لیکن اگر کھلاڑی ذمہ داری سے کھیلیں تو مثبت نتائج آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں سے کام لینے میں کپتان کا کردار سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ 22 کروڑ کی آبادی میں سے 15 کھلاڑی منتخب کیے جاتے ہیں اور ٹیم میں اچھا کھلاڑی ہی منتخب ہوتا ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے میچ کا اضافی دبائو ہوتا ہے لیکن ورلڈ کپ میں وہی ٹیم جیت سکے گی جو مشکل وقت میں خود پر قابو رکھ سکے گی۔ چیف سلیکٹر نے کہا ہے کہ محمد حسنین عالمی کپ میں سرپرائز پیکیج ثابت ہوں گے کیونکہ محمد حسنین کے علاوہ تمام بولر ایک جیسی رفتار سے گیند کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/04/2019 - 00:30:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :