ورلڈکپ 2019ءکے لیے 22 رکنی میچ آفیشلز کا اعلان

میگا ایونٹ کیلئے 16 امپائر اور 6 میچ ریفریز کا اعلان، علیم ڈار5 ویں مرتبہ ورلڈکپ میں فرائض انجام دیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 اپریل 2019 12:54

ورلڈکپ 2019ءکے لیے 22 رکنی میچ آفیشلز کا اعلان
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26اپریل2019ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے ورلڈکپ کے لیے 22 رکنی میچ آفیشل کا اعلان کردیا۔آئی سی سی کے مطابق ایونٹ کے 48 میچز کے لیے دنیا کے 16 بہترین اور 6 میچ ریفریز پر مشتمل آفیشلز کا انتخاب کیا گیا ہے جو 30 مئی سے 14 جولائی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں فرائض ادا کریں گے،ورلڈکپ کے لیے منتخب امپائروں میں پاکستان کے علیم ڈار بھی شامل ہیں جن کا یہ پانچواں ورلڈکپ ہوگا۔

سری لنکا کے کمار دھرماسینا، کرس جیفینی، این گولڈ، میریاس ایراسمس، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹل برو، نیگل لونگ، بروس آکسن فورڈ، سندارام راوی، پال جیفری، روڈ ٹکر، جوئیل ولسن، مچل کوف، روچیرا یاگورو اور پال ولسن بھی امپائروں کی فہرست میں شامل ہیں،ایونٹ کے میچ ریفری کے لیے کرس بورڈ، ڈیوڈ بون، اینڈی پیکروفٹ، جیف کرو، رانجن مدوگالے اور رکی رچرڈسن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے مطابق مذکورہ امپائرز پہلے مرحلے میں لیگ میچز میں فرائض انجام دیں گے جسکے بعد سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ناموں کا اعلان بعد میں ہوگا۔ یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ءکا شیڈول سامنے آچکا ہے اور میگا ایونٹ 30 مئی سے 14 جولائی کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا اسکے بعد تین جون کو انگلینڈ، 7جون کو برسٹل اور 12 جون کو عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے میچ ہوگا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرا 16 جون کو اولڈ ٹریفرڈ میں ہوگا۔ پاکستان اسکے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف 23 جون، نیوزی لینڈ کے خلاف 26 جون اور افغانستان کے خلاف 29 جون کو مدمقابل ہوگی۔پاکستان اپنا آخری لیگ میچ پانچ جولائی کو لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 26/04/2019 - 12:54:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :