قومی کھیل ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے، حکومت زبوں حالی پر توکہ دے ، حسن سردار

حساب اور احتساب ہر جگہ اور سب کا ہونا چاہیے۔ سب کو جوابدہ ہونا چاہیے، اب تک ہاکی میں کام کرنے والے سب عہدیداروں کا احتساب ہوناچاہیے لیکن اس کے ساتھ کھیل کی پرموشن کا بھی سوچنا چاہیے، اولمپئن ،کرکٹ کے وائرس نے پہلے ہی قومی کھیل ہاکی کا بیڑہ غرق کردیاہے،اوپر سے حکومت بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی، توقیر ڈار

ہفتہ 27 اپریل 2019 22:48

قومی کھیل ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے، حکومت زبوں حالی پر توکہ دے ، حسن سردار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2019ء) ہاکی اولمپئن حسن سردارکا کہنا ہے کہ قومی کھیل ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے لہذا حکومت کو اس کی زبوں حالی پر توجہ دینی چاہیے۔لاہورمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسن سردار نے فیڈریشن حکام کے احتساب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حساب اور احتساب ہر جگہ اور سب کا ہونا چاہیے۔ سب کو جوابدہ ہونا چاہیے، اب تک ہاکی میں کام کرنے والے سب عہدیداروں کا احتساب ہوناچاہیے لیکن اس کے ساتھ کھیل کی پرموشن کا بھی سوچنا چاہیے۔

ہاکی فیڈریشنز کے ساتھ سب اولمپئنز کو بھی اس بارے میں اپنا کردار ادار کرنے کی ضرورت ہے، لاہور میں ڈار اور رانا ظہیر اکیڈمی کی طرح ہر شہر میں اکیڈمیز پر توجہ دینی چاہیے، اس کے ساتھ سب سے ضروری تعلیمی اداروں میں ہاکی بحال کرنے کا کام ہے۔

(جاری ہے)

ہم سب اسکول ہاکی سے قومی ٹیم تک پہنچے،اب اسکول ہاکی ختم ہوکررہ گئی ہے، جب تک اپنے نظام کوٹھیک نہیں کریں گے، معاملات میں بہتری لانا مشکل ہوگا۔

اولمپئن اور کوچ توقیر ڈار کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے وائرس نے پہلے ہی قومی کھیل ہاکی کا بیڑہ غرق کردیاہے،اوپر سے حکومت بھی اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی۔کرکٹ کی طرح اگر ہاکی فیڈریشن کے حکام پسند نہیں تو انہیں تبدیل کردیں، بصورت دیگر پیسے دیں۔ حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں، فرانزک آڈٹ رپورٹ بھی سامنے آجائے گی،اس میں بھی اگر کچھ نہیں نکلتا تو پھر حکومت کو چاہیے کہ وہ فنڈز بحال کرے، ہاکی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے، اس میں تین اولمپکس گولڈ کے ساتھ چار ورلڈکپ ہم جیت چکے ہیں،کرکٹ کی طرح دس بارہ ملکوں میں کھیلاجانے والا کھیل نہیں، بلکہ یہ اولمپکس سپورٹس ہے جو ایک سو چھتیس سے زیادہ ممالک میں مقبول ہے۔

موجودہ صورت حال میں اگر بہتری نہ لائی گئی تو اس کھیل میں اتنا نیچے چلے جائیں گے کہ دوبارہ کبھی کھڑے نہیں ہوسکیں گے۔کرکٹ کا وائر س پہلیہی قومی کھیل کو بہت نقصان پہنچاچکا ہے۔اب چند لوگ ہی رہ گئیہیں جو ہاکی کو بچانے کے لییجہاد کررہے ہیں توخدارااس جانب توجہ دیں۔
وقت اشاعت : 27/04/2019 - 22:48:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :