یاسر شاہ کی غیر موثر باﺅلنگ نے شاداب خان کی اہمیت بڑھا دی

لیگ سپنر نے کینٹ کیخلاف 90رنز دیکر3شکار کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 28 اپریل 2019 14:44

یاسر شاہ کی غیر موثر باﺅلنگ نے شاداب خان کی اہمیت بڑھا دی
بیکنہم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28اپریل2019ء) انگلش کاﺅنٹی کینٹ کیخلاف اولین ٹور میچ میں قومی لیگ سپنر یاسر شاہ نے اگرچہ تین وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کیلئے انہیں چھ چوکوں اور چھ چوکوں سمیت دس اوورز میں 90 رنز کا تاوان ادا کرنا پڑا اور انہیں تمام چھکے ایلیکس بلیک کے ہاتھوں کھانا پڑے۔تجربہ کار کھلاڑی کی غیر موثر کارکردگی نے شاداب خان کی اہمیت بڑھا دی ہے اور قومی کپتان کے علاوہ ہیڈ کوچ بھی پرامید ہیں کہ بیس سالہ لیگ سپنر ورلڈ کپ سے قبل مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔

مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ شاداب خان ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہوئے کیونکہ ان کے میگا ایونٹ میں کھیلنے کی امید برقرار ہے۔ قومی کپتان سرفراز احمد کو بھی یہی توقع ہے کہ نوجوان لیگ سپنر عالمی کپ کیلئے گرین شرٹس سکواڈ کا حصہ بن جائیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دورئہ انگلینڈ کا مثبت آغاز کرتے ہوئے پریکٹس میچ میں کینٹ کاﺅنٹی کو 100 رنز سے شکست دے دی۔

بکنگھم میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں پاکستان کے 358 رنز کے جواب میں کینٹ کی ٹیم 258 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔عماد وسیم نے 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 117 رنز کی اننگز کھیلی، فخر زمان 76، حارث سہیل 75 اور امام الحق 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔فہیم اشرف 17، سرفراز احمد 10، بابر اعظم 9، شعیب ملک 4 رنز بنا سکے، جب کہ کینٹ کاﺅنٹی کی اننگز میں الیکس بلیک 89 اور رابنسن 49 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

یاسر شاہ 3، فہیم اشرف، حسن علی اور فخر زمان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، کینٹ کاﺅنٹی کے عمران قیوم نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں لندن میں موجود ہے جہاں وہ برطانوی ٹیم کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔دوسری طرف ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔
وقت اشاعت : 28/04/2019 - 14:44:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :