ضلع ملیر کے عاشر بلوچ نے 82کلومیٹر کی رفتارسے فوٹو فنش کے ساتھ سائیکل ریس جیت لی

بدھ 1 مئی 2019 16:06

ضلع ملیر کے عاشر بلوچ نے 82کلومیٹر کی رفتارسے فوٹو فنش کے ساتھ سائیکل ریس جیت لی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2019ء) مزدوروں ، پاکستان رینجرز سندھ و سندھ پولیس کے نام کی جانے والی اور کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور کراچی وسندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ملک کلیم احمد اعوان کی چیف آرگنائزنگ شپ میں ہونے والی 40کلومیٹر طویل کراچی گیمز 2019سائیکل ریس 82کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 58منٹ میں فوٹو فنش کے ساتھ ضلع ملیر کے عاشر بلوچ نے جیت لی ہے۔

ضلع ملیر ہی کی حمیرا بلوچ نے دفائی چیمپئن کراچی ساؤتھ کی صائمہ کو بچھاڑ کر13منٹ میں ریس اپنے نام کرلی۔بوائز میں کراچی ساؤتھ کے محمد حارث نے 15سیکنڈکے فرق سے دوسری اور کراچی ساؤتھ ہی کے عرفات کالو نے 20سیکنڈ کے فرق سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گرلز میں دوسری پوزیشن دفاعی چیمپئن صائمہ نے 2منٹ کے فرق سے حاصل کی جبکہ کراچی ویسٹ کی شمیم بلوچ نے 7منٹ کے فرق سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

پاکستان رینجرز سندھ ،کراچی آپریشن پولیس، کراچی ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سخت سیکورٹی حصار میں اسٹار گیٹ شاہراہ فیصل سے سائیکل ریس کا افتتاح ڈی ایم سی ملیر کے چیئرمین جان محمد بلوچ نے کراچی ڈویژن سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر میجر (ر) عشرت خان کے ہمراہ فلیگ آف کرکے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ ریکرایشن ڈی ایم سی ملیر ناصر جمال اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

اسٹار گیٹ سے روانہ ہوکر سائیکلسٹ ملیر بڑا بورڈ، لانڈھی ، ملیر جیل اور رزاق آباد سے ہوتے ہوئے اسٹیل ٹاؤن شپ پہنچے اور واپس ہوتے ہوئے انور بلوچ ہوٹل نزد ملیر کورٹ پہنچ کر ریس کا اختتام کیا جہاں پرچیئر مین ڈی ایم سی ملیر جان محمد بلوچ نے سائیکلسٹوں کا شاندار استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں، شیلڈز اور خصوصی اسناد تقسیم کیں۔ آخر میں سائیکلسٹوں اور منتظمین کو پرتکلف ناشتہ پیش کیاگیا۔
وقت اشاعت : 01/05/2019 - 16:06:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :