قومی جوڈو چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے، کرنل جنید عالم رانا

بدھ 1 مئی 2019 16:37

قومی جوڈو چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے، کرنل جنید عالم رانا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2019ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل جنید عالم رانا نے کہا کہ قومی جوڈو چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کی توقع ہے۔ گزشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے زیراہتمام 26 ویں مینز اینڈ 9 ویں وویمنز قومی جوڈو چیمپیئن شپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے حمیدی ہال میں جاری ہے جس میں پاکستان آرمی اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا ،پاکستان ریلوے ،پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان نیوی، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد،فاٹا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ڈی ایچ اے کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ انٹرنیشنل رولز کے مطابق مینز اینڈ وویمنز ٹیم ایونٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

پہلے صرف انفرادی مقابلے منعقد کئے جاتے تھے۔ایونٹس کے انفرادی مردوں کے مقابلوں میں -50کلو گرام ‘-55 ‘ -60 ‘ -66‘ -73‘ -81‘ -90‘ -100 ‘ پلس 100 اور اوپن کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ خواتین ایونٹس میں -40‘ -44 ‘-48‘ -52 ‘ -57‘ -63 ‘ -70 اور اوپن کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ ٹیم ایونٹ گرلز کے مقابلوں میں -52 ‘ -57‘ -63‘ -70 اور پلس کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ لڑکوں کے ٹیم ایونٹ میں -66‘ -73‘ -81‘ -90 اور پلس 90 کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نیپال میں رواں سال دسمبر میں ہونے والے سائوتھی ایشین گیمز کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ کے لئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 01/05/2019 - 16:37:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :