کون سے 5معروف کرکٹرز کا یہ آخری ورلڈکپ ہے؟ جانئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 مئی 2019 12:07

کون سے 5معروف کرکٹرز کا یہ آخری ورلڈکپ ہے؟ جانئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 مئی 2019ء) ورلڈکپ 2019ءکے اختتام کے ساتھ ہی 5 سٹارکرکٹرز کے ون ڈے کیریئر کا سورج بھی غروب ہوگا ، شعیب ملک،کرس گیل، ڈیل سٹین، جین پال ڈومینی اور عمران طاہر آخری بار ایکشن میں نظر آئیں گے۔282 ایک روزہ میچز میں 7481 رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں کامیاب ترین بیٹسمین شعیب ملک نے آف سپن باﺅلنگ کا جادو جگاتے ہوئے156وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں، ایک مستعد فیلڈر خیال کیے جانے والے آل راﺅنڈر نے 96 کیچز بھی تھامے ہیں، انھوں نے گزشتہ سال جون میں ہی اعلان کردیا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد صرف ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔

ویسٹ انڈین ٹیم میں کم بیک کے بعد انگلینڈ کیخلاف 4 اننگز میں 424 رنز بنانے والے کرس گیل نے بھی رواں سال کے آغاز میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد ون ڈے نہیں کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران بار بار انجریز کا شکار ہونے کے باوجود دنیا کے تیز ترین اور مہلک پیسرز میں شمار کیے جانے والے ڈیل سٹین نے بھی گزشتہ سال جولائی میں اعلان کردیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

ایک اور جنوبی افریقی سٹار جین پال ڈومینی نے بھی انجریز کا مقابلہ کرنے کے باوجود 5047رنز جوڑے ہیں،وہ کفایتی باﺅلنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، آل راﺅنڈر میگا ایونٹ کے بعد صرف ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے۔ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے سب سے کامیاب سپنر عمران طاہر نے 162شکار کر رکھے ہیں، انھوں نے بھی ورلڈکپ کے بعد خود کو ٹی ٹونٹی تک محدود کرنے کا اعلان پہلے ہی کردیا تھا۔
وقت اشاعت : 02/05/2019 - 12:07:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :