ورلڈ کپ میں پاکستان کو عامر کی اشد ضرورت ہے:سعید اجمل

سلیکٹرز کو بائیں ہاتھ کے فاسٹ باﺅلر کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا چاہئے تھا:سابق سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 مئی 2019 12:52

ورلڈ کپ میں پاکستان کو عامر کی اشد ضرورت ہے:سعید اجمل
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 مئی 2019ء) سابق قومی آف سپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کو محمد عامر کی اشد ضرورت ہے لہٰذا قومی سلیکٹرز کو بائیں ہاتھ کے فاسٹ باﺅلر پر اعتماد کرنا چاہئے تھا۔سعید اجمل نے اپنی اکیڈمی کی ٹیم کے دورہ یو اے ای کے دوران میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ سلیکٹرز نے محمد عامر کو ورلڈ کپ کے حتمی سکواڈ میں شامل نہ کر کے سنگین غلطی کی ہے کیونکہ میگا ایونٹ کے دوران گرین شرٹس کو ان کے تجربے کی کمی محسوس ہو گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ سلیکٹرز کو بائیں ہاتھ کے پیسر کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا چاہئے تھا جنہوں نے دو سال قبل چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بھارت کے خلاف فتح گر سپیل کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ محمد عامر کی حالیہ عرصے میں کارکردگی بہت زیادہ اچھی نہیں تھی لیکن ورلڈ کپ جیسے اہم ایونٹس میں تجربہ کار کھلاڑیوں کا ساتھ درکار ہوتا ہے اور اسی بنیاد پر محمد عامر کو بھی پندرہ رکنی سکواڈ میں شامل کیا جانا ضروری تھا کیونکہ وہ انتہائی قیمتی کھلاڑی اور گیند کو سوئنگ کرنے کی صلاحیت کے مالک بھی ہیں جسے انگلش کنڈیشنز میں کسی بھی باﺅلر کیلئے سرمایہ سمجھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انگلش کنڈیشنز فاسٹ باﺅلرز کیلئے ہمیشہ ہی سازگار ہوتی ہیں اور محمد عامر کو اپنے تجربے کی بنیاد پر گیند کو دونوں طرف گھمانے میں ملکہ حاصل ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی ہمیشہ بہترین کھیل پیش نہیں کرتا جبکہ اکثر بڑے اور نامور کھلاڑی بھی خراب عرصے کا شکار ہو کر ناکامی سے دوچار ہو جاتے ہیں۔ 
وقت اشاعت : 02/05/2019 - 12:52:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :