انگلینڈ نے آئرلینڈ کو واحد ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا، پلنکٹ کی 4 اور ٹام کیورن کی 3 وکٹیں، بین فوکس 61 رنز بنا کر ناقابل شکست، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 4 مئی 2019 16:10

انگلینڈ نے آئرلینڈ کو واحد ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا، پلنکٹ کی 4 اور ٹام کیورن کی 3 وکٹیں، بین فوکس 61 رنز بنا کر ناقابل شکست، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2019ء) انگلینڈ نے آئرلینڈ کو واحد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 199 رنز کا ہدف 42 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 101 کے سکور پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد بین فوکس اور ٹام کیورن حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 98 رنز جوڑ کر آئرلینڈ کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، فوکس 61 اور کیورن 47 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، فوکس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ڈبلن میں کھیلے گئے واحد ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آئرلینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 43.1 اوورز میں 198 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، انگلش بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کے سامنے آئرلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، پال سٹرلنگ 33 اور ایڈیئر 32 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ولیم پورٹرفیلڈ 17، اینڈی بلبرائن 29، ٹکر 7، کیون اوبرائن 4، گیری ولسن 8، جارج ڈوکریل 24، ٹم مورتگ 12 اور لٹل 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، لیام پلنکٹ نے 4، ٹام کیورن نے 3 جوفرا آرچر، عادل رشید اور جوئے ڈینلی نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42 اوورز میں 6 وکٹوں پر پورا کیا، انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن تھا اور 34 کے سکور پر اسے جیمز ونس کا نقصان اٹھانا پڑا جو 18 رنز بنا سکے، جوروٹ 7 رنز بنا کر چلتے بنے، کپتان ایوان مورگن بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ڈیوڈ میلان 24 رنز بنا کر جوش لٹل کی گیند کا نشانہ بنے، جوئے ڈینلی 8 اور ڈیوڈ ویلے 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 101 کے مجموعی سکور پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ انگلش ٹیم میچ ہار جائے گی لیکن اس موقع پر بین فوکس اور ٹام کیورن نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ میں 98 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، فوکس 61 اور کیورن 47 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، جوش لٹل نے 4، مورتگ اور رینکن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 04/05/2019 - 16:10:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :