انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میں شاداب کی کمی محسوس ہوئی : سرفراز احمد

امید ہے کہ شاداب خان ورلڈ کپ تک ٹھیک ہوجائیں گے: کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 مئی 2019 12:17

انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میں شاداب کی کمی محسوس ہوئی : سرفراز احمد
کارڈف(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مئی 2019ء) پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے انگلینڈ کے ہاتھوں واحد ٹی ٹونٹی میچ میں 7 وکٹ سے شکست کے حوالے سے کہا کہ ہم درمیانی اوورز میں وکٹیں نہیں لے پائے جبکہ میزبان کپتان نے اچھی بیٹنگ کی۔انھوں نے کہا کہ ہم نے پلیئنگ الیون میں شاداب کی کمی شدت سے محسوس کی مگر امید ہے کہ وہ ورلڈ کپ تک ٹھیک ہوجائیں گے۔

سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ میگا ایونٹ سے قبل ہم نے 5 کوالٹی ون ڈے میچز کھیلنے ہیں جس سے اچھی تیاری ہوجائے گی۔یاد رہے کہ انگلینڈ نے واحد ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 173 رنز بنائے، اوپنر بابر اعظم اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے تیسری وکٹ پر 103 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کی، بابر اعظم نے 42 گیندوں پر 65 رنز بنائے جس میں 3 شاندار چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جب کہ حارث سہیل نے 36 گیندوں پر 50 رنز کی باری کھیلی، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

(جاری ہے)

فخرزمان امام الحق نے 7،7 جب کہ آصف علی 3 اور فہیم اشرف 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے، عماد وسیم 18 اور حسن علی صفر پر ناٹ آﺅٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے آرچر نے 2، ٹام، کیرن اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 4 گیندوں قبل صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان مورگن نے 29 گیندوں پر 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جو روٹ 47 اور ونس 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ڈوکٹ نے 9 اور ڈینلی نے 20 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، عماد وسیم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک شکار کیا، ٹی ٹوٹنی ڈیبیو کرنے والے محمد حسین کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
وقت اشاعت : 06/05/2019 - 12:17:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :