آئی پی ایل ورلڈ کپ سے بھی بہتر ٹورنامنٹ ہے:اے بی ڈیویلیئرز

کوئی اور ایونٹ اس لیگ کے آس پاس بھی نہیں پھٹکتا:سابق جنوبی افریقی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 مئی 2019 14:21

آئی پی ایل ورلڈ کپ سے بھی بہتر ٹورنامنٹ ہے:اے بی ڈیویلیئرز
بنگلورو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14مئی 2019ء) سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے گزشتہ سال مئی میں انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا اوراس کے بعد سے وہ دنیا بھر کی ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنے میں مصروف ہیں،انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے مزانسی سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں ٹشوانے سپارٹنز کی کپتانی کے فرائض سر انجام دیئے،رواں سال انہوں نے پہلے مشرفی مرتضی کی قیادت میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائیڈرز کی نمائندگی کی اور اس کے بعد پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی کپتانی کے فرائض سر انجام دیئے،35سالہ بلے باز کو لگتا ہے کہ دنیا کی کسی لیگ کا انڈین پریمیئر لیگ سے مقابلہ نہیں ہے جہاں وہ رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرتے ہیں۔

ایک انٹر ویو کے دوران ڈیویلیئرز کا کہنا تھا کہ کوئی چیز آئی پی ایل کے آس پاس بھی نہیں آتی ،انہیں معلوم ہے کہ وہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کررہے ہیں اس لیے یہ سب کہنا آسا ن ہے لیکن انہوں نے دنیا بھر کے بڑے بڑے میگا ایونٹس کھیلے ہیں اور انہیں یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہورہا ہے کہ آئی پی ایل ورلڈ کپ سے بھی بہتر ٹورنامنٹ ہے۔

(جاری ہے)

اے بی ڈیویلیئرز نے اپنا آئی پی ایل کیریئر دہلی ڈیئر ڈیولز(دہلی کیپیٹلز) کے لیے شروع کیا تھا تاہم اب وہ رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرتے ہیں اور رواں سیزن میں انہوں نے 13میچز میں5نصف سنچریوں کی مدد سے442رنز سکور کیے ہیں ،ان کا بہترین سکور82ناٹ آﺅٹ رہا جو انہوں نے کنگزالیون پنجاب کے خلاف بنایا تھا۔ 
وقت اشاعت : 14/05/2019 - 14:21:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :