آصف علی اور محمد عامر کو ورلڈ کپ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ

فہیم اشرف اور عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 16 مئی 2019 12:28

آصف علی اور محمد عامر کو ورلڈ کپ کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16مئی 2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کی ورلڈ کپ سکواڈ کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے اورسلیکٹرز نے جارح مزاج بلے باز آصف علی اور تجربہ کار فاسٹ باﺅلر محمد عامر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل فہیم اشرف اور اوپننگ بلے باز عابد علی کی جگہ محمد عامر اور آصف علی 15 رکنی ٹیم ورلڈکپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

27 سالہ آصف علی نے ساﺅتھیمپٹن کے دوسرے ون ڈے میں 36 گیندوں پر 51 اور برسٹل کے تیسرے ون ڈے میں 43 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیل کر ورلڈ کپ سکواڈ میں اپنی سیٹ کنفرم کروالی ہے۔رواں سال اپنی 27ویں سالگرہ منانے والے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر جو چیچک کے باعث ان دنوں قومی ٹیم سے علیحدہ کر دیے گئے ہیں اور ان دنوں لندن میں زیر علاج ہیں،پیسر کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی آشیر باد اور انگلینڈ کےخلاف دو میچز میں باﺅلرز کی ناقص پرفارمنس نے ان کا راستہ صاف کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

51 ون ڈے میچز میں 32.85 کی اوسط سے 60 وکٹیں لینے والے محمد عامر اپنے آخری 14 میچز میں محض 5 وکٹیں لے سکے تھے تاہم وہ انگلینڈ کےخلاف آخری دو ون ڈے یا ورلڈ کپ ورام اپ میچز میں کھیلے بنا براہ راست میگا ایونٹ میں کھیلیں گے ۔یاد رہے کہ انگلینڈ میں 30 مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے شریک ٹیموں نے اپنے سکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے، ورلڈ کپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل تک ٹیموں کے پاس اختیار ہے کہ وہ اپنی مرضی سے ٹیم میں رد و بدل کرسکتے ہیں جبکہ 23 مئی کے بعد ٹورنامنٹ کمیٹی سکواڈ میں میڈیکل یا کسی اور بنیاد پر ہی تبدیلی کی اجازت دیگی ۔
وقت اشاعت : 16/05/2019 - 12:28:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :