پی سی بی نے2022ءمیں آسٹریلیا اور انگلینڈ کو پاکستان لانے کیلئے کوششیں تیز کردیں

1998 ءکے بعد آسٹریلیا،2005ءکے بعد انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 مئی 2019 13:20

پی سی بی نے2022ءمیں آسٹریلیا اور انگلینڈ کو پاکستان لانے کیلئے کوششیں تیز کردیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مئی 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر امید ہے کہ اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلئے کھل جائیں گے اور مرحلہ وار انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوں گی۔رواں سال ستمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرےگا جبکہ آئندہ سال ایم سی سی کی ہائی پروفائل ٹیم پاکستان آئے گی۔

اگلے تین سال میں پاکستان انگلینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی کرکے اس جمود کو توڑنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں پی سی بی نے مربوط پروگرام تشکیل دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے بتایا کہ 27 اور 28 مئی کو سنگا پور میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہورہی ہے جہاں میں اور احسان مانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں ہم سری لنکا کرکٹ سے ستمبر اکتوبر کی سیریز کیلئے بات پکی کریں گے، امید ہے کہ جون میں سری لنکا سے سیریز کی تفصیلات طے ہوجائیں گے، سری لنکا میں دہشتگردی کی وجہ سے قومی انڈر 19 ٹیم کا دورہ ملتوی ہوا تھا، اب انڈر 19 ٹیم 26 مئی سے 5 جون تک سری لنکا جارہی ہے اور5 ون ڈے ہمبنٹوٹا میں کھیلے گی، سری لنکا نے ہمیں سکیورٹی پلان بھیجا ہے اور ہم سری لنکا والوں سے دہشتگردی کے باعث اظہار یکجہتی بھی کررہے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ انکی انگلش کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے بات چیت ہوئی ہے، 2022 ءمیں انگلش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اور اس دورے سے قبل ہم انہیں قائل کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سکیورٹی کے حالات اب بہت بہتر ہیں اس لیے آپ اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجیں۔وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ 1998 ءکے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانا بھی ہمارے لیے بڑا ٹاسک ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور سی ای او کیون رابرٹسن ورلڈ کپ دیکھنے کے بعد دو دن کے لیے لاہور آئیں گے ، 2022 ءمیں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس کے لیے ہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو سے مذاکرات شروع کررہے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/05/2019 - 13:20:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :